ممبئی ۔ مشہور بالی ووڈ پروڈیوسر بونی کپور نے حال ہی میں اپنی اہلیہ اداکارہ سری دیوی کے ساتھ اپنی محبت اور شادی کے بارے میں تفصیلات کا انکشاف کیا۔ بونی کپور نے کہا کہ سری دیوی ان کے لیے بےحد خاص تھیں اور وہ اپنی آخری سانس تک ان سے محبت کرتے رہیں گے۔ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ سری دیوی نے فوراً ان کی محبت کو قبول نہیں کیا تھا۔
بونی کپور نے کہا، “میں سری دیوی سے ہمیشہ محبت کرتا رہوں گا۔ اپنی آخری سانس تک میں ان کی یادوں میں جیتا رہوں گا۔ مجھے سری دیوی کو اپنی محبت اور شادی کے لیے قائل کرنے میں تقریباً چھ سال لگے۔ جب میں نے پہلی بار ان سے اپنی محبت کا اظہار کیا تو انہوں نے مجھے ڈانٹا اور تقریباً چھ مہینے تک مجھ سے بات نہیں کی۔ انہوں نے غصے سے کہا، ’آپ شادی شدہ ہیں اور دو بچوں کے والد ہیں، آپ مجھ سے یہ کیسے کہہ سکتے ہیں؟‘ لیکن میں نے انہیں اپنے دل کی تمام باتیں بتائیں۔ آخرکار، انہوں نے میری محبت کو قبول کر لیا اور قسمت نے ہمارا ساتھ دیا۔”
بونی کپور نے مزید کہا “دو لوگوں کے درمیان تعلق کی مضبوطی اعتماد پر مبنی ہوتی ہے، اور یہ وقت کے ساتھ بڑھنی چاہیے۔ اس دنیا میں کوئی بھی شخص مکمل نہیں ہوتا اور میں بھی کامل نہیں ہوں۔ سری دیوی سے محبت کرنے سے پہلے میں شادی شدہ تھا اور میرے بچے بھی تھے لیکن میں نے کبھی یہ بات چھپائی نہیں۔ میں نے اپنی محبت کے بارے میں اپنی پہلی بیوی مونا اور اپنے بچوں کو بھی بتایا۔ وہ میرے جذبات کو سمجھ گئے۔ میری رائے یہ ہے کہ کسی بھی بات میں ہمیں اپنے شریکِ حیات اور بچوں کے ساتھ ہمیشہ ایماندار رہنا چاہیے۔”
بونی کپور نے بتایا کہ سری دیوی سے ان کی ملاقات اس وقت ہوئی جب سری دیوی اپنی فلمی کیریئر میں مصروف تھیں۔ بونی نے کئی فلموں میں بطور پروڈیوسر سری دیوی کے ساتھ کام کیا۔ ان دونوں کی شادی 1996 میں ہوئی، اور ان کے دو بیٹیاں، جھانوی اور خوشی ہیں۔ 2018 میں سری دیوی کی اچانک وفات نے بونی کپور کو گہرے صدمہ میں ڈال دیا اور وہ کئی مواقع پر اپنے اس درد کا اظہار کر چکے ہیں۔