قومی راجدھانی دہلی، اتر پردیش سمیت شمالی ہند میں ان دنوں شدید ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔ آنے والے دنوں میں گلا دینے والی ٹھنڈ اور بڑھنے کا امکان ہے۔ وہیں ویسٹرن ڈسٹربینس کی وجہ سے کئی ریاستوں میں بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اتر پردیش میں جہاں کرسمس کے بعد 26 سے 28 دسمبر کے درمیان بارش کے آثار ہیں تو وہیں دہلی میں 23 دسمبر کو ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ 26 اور 27 دسمبر کو بھی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 27 اور 28 دسمبر کو پنجاب، ہریانہ، مغربی اتر پردیش، راجستھان، مدھیہ پردیش میں بارش اور آندھی طوفان کا خدشہ ہے۔
ٹھنڈ کی بات کی جائے تو دہلی میں مسلسل پارہ گر رہا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سیلسیس تک پہنچ چکا ہے۔ اس وجہ سے شدید ٹھنڈ کے ساتھ ساتھ آنے والے کچھ دنوں تک گھنا کہرا چھایا رہے گا۔