[]
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ترقی پذیر اسلامی ممالک کا اجلاس مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہورہا ہے جس میں ایران سمیت مختلف اسلامی ممالک شرکت کررہے ہیں۔ اجلاس کے دوران ایران کے وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے مصر کے ہم منصب سے ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران تہران اور قاہرہ کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا اور خطے میں امن کے قیام کے لئے علاقائی سطح پر کوششوں پر اتفاق کیا۔
آٹھ اسلامی ترقی پذیر ممالک کے وزرائے خارجہ کی نشست سید عباس عراقچی کی موجودگی میں منعقد ہوئی جس میں ایران کے علاوہ ترکیہ، مصر، پاکستان، انڈونیشیا، نائیجیریا، ملائیشیا، اور بنگلہ دیش کے وزرائے خارجہ اور اعلی سطحی وفود نے شرکت کی۔
اس تنظیم کے سربراہان کی کانفرنس آج جمعرات کو ہوگی جس میں ایرانی صدر پزشکیان سمیت تمام رکن ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے۔
اجلاس کے دوران فلسطین اور لبنان کی صورتحال پر غور کرنے کے لیے ایک خصوصی سربراہی نشست بھی منعقد کی جائے گی۔
ڈی-8 تنظیم 1997 میں ایران، ترکیہ، پاکستان، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا، مصر، اور نائیجیریا نے تشکیل دی تھی۔ اس کا سیکریٹریٹ استنبول میں واقع ہے۔
ان آٹھ ممالک کی مجموعی آبادی تقریباً 1.2 ارب ہے، جو کل مسلم آبادی کا 60 فیصد اور دنیا کی کل آبادی کا 13 فیصد بنتی ہے۔ یہ ممالک 7.6 ملین مربع کلومیٹر رقبے پر محیط ہیں، جو دنیا کے کل رقبے کا 5 فیصد ہے۔
2006 میں ان ممالک کے درمیان تجارتی حجم 35 ارب ڈالر تھا، جو 2010 تک بڑھ کر 68 ارب ڈالر ہو گیا۔