تیجسوی یادو اور مرکزی وزیرصحت میں لفظی تکرار

[]

پٹنہ: ڈپٹی چیف منسٹر بہار تیجسوی یادو اتوار کے دن مرکزی وزیرصحت منسکھ منڈاویہ سے دربھنگہ میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس(ایمس) کی تعمیر پر اُلجھ گئے۔

ایک دن قبل مرکزی وزیرصحت نے دعویٰ کیاتھاکہ ریاستی حکومت نے ممتاز طبی ادارے کیلئے جو اراضی فراہم کی ہے وہ تعمیر کیلئے موزوں نہیں ہے۔ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ میں تیجسوی یادو نے کہا کہ وزیراعظم اور مرکزی وزیرصحت دونوں متضاد باتیں کررہے ہیں۔

وزیراعظم دربھنگہ میں ایمس کھولنے کا جھوٹا کریڈٹ لے رہے ہیں جبکہ منڈاویہ کا کہنا ہے کہ ایمس کی تعمیر کیلئے اراضی کو ابھی تک قطعیت نہیں دی گئی۔ وزیراعظم کے ترقی کے تصور کو سمجھنادشوار ہے جو نہ دکھائی دینے والی چیزوں کی بات کرتا ہے۔

تیجسوی یادو نے لکھا کہ حقیقت یکسرمختلف ہے۔ میں وضاحت کرتاچلوں کہ حکومت بہار نے ایمس کی تعمیر کے لئے مرکز کو 151 ایکڑاراضی مفت فراہم کی۔ اس نے گڑھے بھرنے کیلئے 300کروڑ روپئے منظور کئے لیکن سیاست کی وجہ سے مرکز نے تعمیرکی منظوری نہیں دی۔

مرکزی وزیرصحت کو یہ بھی ذہن میں رکھناچاہئیے کہ ریاست میں مہاگٹھ بندھن کی حکومت بننے سے قبل صحت کا قلمدان بہار میں عرصہ تک بی جے پی کے پاس تھا۔ منڈاویہ شاید بہار بی جے پی کے خوداپنے قائدین کی نااہلی کے بارے میں بات کررہے ہیں۔

ڈپٹی چیف منسٹر بہار نے یہ بھی لکھا کہ ہم‘ سچے وکاس میں وشواس رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ریاستی حکومت نے پرانے دربھنگہ میڈیکل کالج اینڈہاسپٹل(ڈی ایم سی ایچ) کو اپ گریڈکرنے کا فیصلہ کیا۔

نئے سوپراسپشالیٹی ہاسپٹل میں 2500 بسترہوں گے اور پراجکٹ کی جملہ لاگت 3115 کروڑ روپئے ہوگی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ مغربی بنگال پنچایتی راج پریشد سے آن لائن خطاب میں وزیراعظم نریندرمودی نے ہفتہ کے دن مجوزہ دواخانہ کا ذکرکیاتھا۔

تیجسوی یادو نے تاہم وزیراعظم کے اس بیان کو سفید جھوٹ قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ دربھنگہ میں کوئی ایمس کھلا ہی نہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *