جمعہ کی نماز میں لاوڈ اسپیکر کے استعمال پر مسجد کے امام پر 2 لاکھ روپے جرمانہ – اترپردیش کے سنبھل ضلع میں واقعہ

[]

اترپردیش کے سنبھل ضلع  پولیس نے لاوڈ اسپیکر کے استعمال پر مسجد کے امام کو گرفتار کیا اور امن کی خلاف ورزی کے تحت ان پر دو لاکھ روپے کا جرمانہ عائد  کیا۔ الزام ہے کہ امام نے مسجد میں نصب لاؤڈ اسپیکر کا استعمال کرتے ہوئے اونچی آواز میں جمعہ کا خطبہ دیا۔ بعد ازاں، یوپی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کورٹ نے امام کو 2 لاکھ روپے جرمانہ پر ضمانت دے دی۔

 

یہ واقعہ سنبھل کے صدر کوتوالی علاقے کے محلہ کوٹ گڑوی کی انار والی مسجد کا ہے۔ جمعہ کی نماز کے دوران لاؤڈ اسپیکر سے بلند آواز پر پولیس نے کارروائی کی۔ مذکورہ مسجد شاہی جامع مسجد سے صرف 100 میٹر کے فاصلے پر ہے۔

 

واضح رہے کہ سنبھل تشدد کے بعد یہ تیسرا جمعہ تھا جس میں نماز ادا کی گئی۔ سیکورٹی کے تحت پی اے سی، آر آر ایف اور آر اے ایف فورسز کو تعینات کیا گیا تھا۔ ڈرون اور سی سی ٹی وی کی مدد سے علاقے کی نگرانی کی جا رہی تھی۔ پولیس کے سینئر افسران نے علاقے میں فلیگ مارچ بھی کیا۔

 

دورانِ نماز، لاؤڈ اسپیکر کی آواز پر پولیس نے مسجد کا دورہ کیا اور 23 سالہ  امام تہزیب کو گرفتار کر لیا۔ امام نے اپنی صفائی میں کہا کہ انہیں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی ممانعت کا علم نہیں تھا۔ مسجد کے متولی ظفر علی ایڈووکیٹ، جو شاہی جامع مسجد کے بھی ذمہ دار ہیں، معاملے سے آگاہ ہیں۔

 

سنبھل کی ایس ڈی ایم وندنا مشرا نے بتایا کہ انار والی مسجد پر لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی ممانعت تھی۔ عدالتی حکم کے تحت دفعہ 151 کے تحت کارروائی کی گئی اور 2 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ امام کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *