[]
ممبئی: ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ (بیسٹ) کے ‘ویٹ لیزڈ’ بسوں کے ڈرائیوروں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں، جن میں وہ شراب خریدتے یا پیتے نظر آرہے ہیں۔
یہ ویڈیوز 9 دسمبر کو کرلا ویسٹ میں پیش آنے والے ایک ہولناک حادثے کے بعد سامنے آئیں، جس میں ایک ویٹ لیزڈ الیکٹرک بس کے ڈرائیور نے کئی گاڑیوں اور افراد کو بس کے نیچے کچل دیا۔
اس حادثے میں سات افراد ہلاک اور 40 سے زیادہ زخمی ہوئے، جن میں کئی کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
بیسٹ کے ایک سینئر اہلکار کے مطابق، اس ہفتے انہیں چار ویڈیوز موصول ہوئی ہیں جن میں ایک ویڈیو میں ایک ڈرائیور کو وہیل پر بیٹھ کر شراب پیتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے، اور اس ویڈیو میں ایک سکیورٹی افسر اس سے پوچھ گچھ بھی کرتا ہے۔
یہ ویڈیو بظاہر مولنڈ ڈپو کی ہے اور الیکشن کے دن کی ہے۔ اس ویڈیو میں نظر آنے والے ڈرائیور کو فوراً نوکری سے نکال دیا گیا۔
اس کے علاوہ تین اور ویڈیوز بھی ملی ہیں جن میں ڈرائیور اپنی بسوں کو سڑک پر روکتے ہیں، شراب خریدتے ہیں، اور پھر اپنی نشستوں پر واپس آتے ہیں۔
ان ویڈیوز میں سے دو باندرہ ایسٹ اور اندھیری کے علاقے کی ہیں، جب کہ تیسرے ویڈیو کی جگہ کا تعین ابھی تک نہیں ہو سکا۔ باندرہ ایسٹ کی ویڈیو بظاہر 11 دسمبر کو کرلا ویسٹ حادثے کے دو دن بعد بنائی گئی تھی۔
تاہم، یہ واضح نہیں ہو سکا کہ بیسٹ حکام نے ان ویڈیوز میں نظر آنے والے ڈرائیوروں کے خلاف ابھی تک کیا کارروائی کی ہے۔
ایک پریس کانفرنس کے دوران، بیسٹ کامگار سینا کے صدر سوہاس سمنت نے کہا کہ یہ ویڈیوز ٹرانسپورٹر اور اس کے عملے کی شبیہ کو داغدار کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا، “ویٹ لیزڈ بسوں کے ڈرائیوروں کے مقابلے میں بیسٹ کے ملازمین اسٹینڈنگ آرڈرز اور سروس ریگولیشنز کے پابند ہیں، اس لیے وہ سڑک پر کہیں بھی بسوں کو روک کر شراب خریدنے کے لیے نیچے اترنے کی جرات نہیں کریں گے۔”
بیسٹ کے جنرل منیجر انیل کمار ڈگیکر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھاکہ ویٹ لیزڈ بسوں کے آپریٹرز کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی گئی تھی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ حادثات کو روکنے کے لیے اضافی اقدامات کیے جائیں گے، جن میں بریتھ لائزر کا استعمال لازمی قرار دیا جائے گا۔