[]
نئی دہلی: ایئر انڈیا نے آج ایک نئے برانڈ کی شناخت اور نئے ہوائی جہاز کی نئی تبدیلیوں کے ساتھ نقاب کشائی کی کیونکہ ایئر لائن چاہتی ہے کہ حالیہ 470 نئے طیاروں کی خریدی کے سودے کے بعد اپنی شبیہہ مکمل طور پر تبدیل کرتے ہوئے فضائی سفر کے میدان میں نئے افق اور نئے منزلوں کی تلاش میں زیادہ سے زیادہ سرگرمی دکھائی جائے۔
ایئر انڈیا نے اربوں ڈالر کے سودے میں 470 نئے طیاروں کی تاریخی خریداری کے ساتھ اپنے بیڑے کو تبدیل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ دیگر معنوں میں طیارے کیسے دکھائی دیں گے؟ ایئرانڈیا کا لوگو کیسا ہوگا وغیرہ۔ ان سب کی آج نقاب کشائی انجام دی گئی۔
ٹاٹا گروپ کی ملکیت والی ایئر لائن کے نئے لوگو کو ‘دی وسٹا’ کا نام دیا گیا ہے۔ دی وسٹا گولڈ ونڈو فریم کی چوٹی سے حوصلہ حاصل کرتا ہے جس کے بارے میں ایئر لائن کا کہنا ہے کہ گولڈ ونڈو فریم لامحدود امکانات، ترقی پسندی اور ایئر لائن کے نئے جرات مندانہ انداز کی نشاندہی کرتا ہے۔
مسافروں کو نیا لوگو اس سال دسمبر کے آخر تک اس وقت نظر آئے گا جب ایئر انڈیا کا پہلا ایئربس A350 ہوائی جہاز اس کے بیڑے میں داخل ہوگا۔ نئے ہوائی جہاز کے ڈیزائن میں گہرا سرخ، بینگنی اور سنہرا رنگ استعمال کیا گیا ہے۔
ایئر انڈیا کے سی ای او کیمبل ولسن نے کہا کہ ہمارا نیا برانڈ ایئر انڈیا کو دنیا بھر کے مہمانوں کی خدمت کرنے والی عالمی معیار کی ایئر لائن بنانے کے عزائم کی عکاسی کرتا ہے اور یہ عالمی سطح پر ایک نئے ہندوستان کی فخر کے ساتھ نمائندگی کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیا ایئر انڈیا جرات مندانہ، پراعتماد اور متحرک ہے لیکن اس کی بھرپور تاریخ اور روایات کی جڑیں گہری ہیں جو ہندوستانی مہمان نوازی کو خدمت کے معیارات کے لئے ایک عالمی معیار بناتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایئر انڈیا کا مشہور ‘مہاراجہ’، جو ایئر انڈیا کی شناخت میں مرکزی حیثیت رکھتا تھا، زندہ رہے گا لیکن اس کی شکل میں آپ کو اضافی رنگ نظر آئیں گے۔
ٹاٹا سنز کے چیئرمین این چندر شیکھرن نے کہا کہ ایئر انڈیا ہمارے لئے صرف ایک کاروبار نہیں ہے، یہ ایک جذبہ اور ایک قومی مشن ہے۔
بتادیں کہ ایئر انڈیا نے 70 بلین ڈالر کے معاہدے میں طیارہ ساز کمپنیوں یوروپ کی ایئربس اور امریکہ کی بوئنگ سے 470 نئے طیاروں کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ ہوائی جہازوں کی ڈیلیوری کا نومبر سے آغاز ہوگا۔
ایئر لائن کئی اب مزید تبدیلیوں سے گزرے گی جن میں ایک نئی ویب سائٹ اور موبائل ایپ شامل ہیں جو نئے ڈیجیٹل ٹولز اور خصوصیات کے ساتھ نمایاں طور پر استعمال کنندگان کو بہتر ویب تجربہ پیش کرتے ہیں۔
ایئر لائن دہلی اور نیویارک ہوائی اڈوں پر مکمل طور پر اپنے نئے لاؤنجز بنانے میں بھی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ ایئر انڈیا نے 5,000 سے زیادہ نئے لوگوں کی خدمات حاصل کی ہیں جن میں 3,200 کیبن کریو اور تقریباً 1,000 کاک پٹ عملہ شامل ہے۔