[]
نئی دہلی: بہار کے یوٹیوبر منیش کشیپ آج بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ بہار کے تارک وطن مزدوروں کو ٹاملناڈو میں ہراساں کئے جانے کے بارے میں فرضی ویڈیوز گشت کرانے پر گذشتہ سال گرفتار کیاگیاتھا۔ کشیپ فی الحال ضمانت پر ہیں۔
انہوں نے بی جے پی کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے قومی انچارج انیل بالونی‘شریک انچارج سنجے مایوکھ اور پارٹی کے شمال مشرقی دہلی کے امیدوار منوج تیواری کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
قومی دارالحکومت میں منعقدہ اس پروگرام میں ان کی والدہ نے بھی شرکت کی۔ منیش نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں کام کرنے کے لیے میں بی جے پی میں شامل ہوا ہوں۔ میری ماں نے مجھے بی جے پی میں شامل ہونے کی ہدایت دی ہے۔
جب میں 9ماہ تک جیل میں تھا تب انہوں نے میرے لیے جدوجہد کی تھی۔ منوج تیواری نے کشیپ کے بی جے پی میں شامل ہونے پر مسرت ظاہر کی وہ مسلسل تیسری میعاد کے لیے شمال مشرقی دہلی سے مقابلہ کررہے ہیں۔
منوج نے الزام عائد کیا کہ کشیپ کو اس لیے جیل بھیجاگیاتھا کیونکہ بعض لوگ انہیں خاموش کرناچاہتے تھے۔ تیواری نے مزید کہاکہ منیش کشیپ نے عوامی مسئلہ اٹھایاتھا اور وہ ہمیشہ وزیراعظم نریندر مودی کے حامی رہے ہیں لیکن اس ملک میں بعض غیر بی جے پی حکومتوں نے انہیں بے حد تکلیف پہنچائی۔
تیواری نے کشیپ کو تیقن دیا کہ بی جے پی مستقبل میں ان کی صلاحیتوں کے مطابق انہیں مستحقہ عزت دے گی ۔ واضح رہے کہ منیش کشیپ ایک بارسوخ یوٹیوبر ہیں جن کو 80 لاکھ سے زائد فالوورس ہیں۔ وہ ہمیشہ سے وزیراعظم مودی کے حامی رہے ہیں اور اپنے سیاسی عزائم کا بھی اظہار کرتے رہے ہیں۔