افسوسناک واقعہ: شادی کا جشن ماتم میں تبدیل، آتش بازی سے گھر میں لگی آگ، ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت

[]

دربھنگہ: بہار میں دربھنگہ ضلع کے بہیڑا تھانہ علاقے کے انٹور گاؤں میں شادی کی تقریب کے دوران آتش بازی سے سلنڈر پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد کی موت ہو گئی۔

ضلع مجسٹریٹ راجیو روشن نے آج یہاں بتایا کہ چھگن پاسوان کی بیٹی کی شادی جمعرات کی دیر رات انٹور گاؤں میں ہو رہی تھی۔ رام چندر پاسوان کے رہائشی احاطے میں خیمے اور کھانے کے انتظامات کیے گئے تھے۔

شادی کی بارات پہنچتے ہی آتش بازی شروع ہوئی جس کے سبب آگ لگ گئی اور کچھ ہی دیر میں پورا گھر آگ کی لپیٹ میں آگیا۔ گھر میں رکھا سلنڈر پھٹ گیا۔ ڈیزل سے بھرے ڈرم میں بھی آگ لگ گئی۔ اس واقعے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت ہو گئی ہے۔

مرنے والوں میں رام چندر پاسوان کا بیٹا سنیل کمار (36)، سنیل کمار کی بیوی لالی دیوی (23)، امیش پاسوان کی بیوی کنچن دیوی (26)، ان کی پانچ سالہ بیٹی ساکشی کماری، بیٹا ششانک کمار (03) اور بیٹا سدھانت کمار (04)شامل ہیں۔

مسٹر روشن نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پانے کے لیے تقریباً چار گھنٹے تک محنت کرنی پڑی۔ افسران کو موقع پر بھیج دیا گیا ہے۔ لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے دربھنگہ میڈیکل کالج اسپتال بھیج دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مرنے والوں کے لواحقین کو 11 ہزار روپے فوری امداد کے طور پر فراہم کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ پوسٹ مارٹم کے بعد مرنے والوں کے لواحقین کو 6 لاکھ روپے کی امداد دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *