کانگریس نے تلنگانہ کو دہلی کا اے ٹی ایم بنادیا: امیت شاہ

[]

حیدرآباد: بی جے پی کے سینئر لیڈر و مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعرات کے روز الزام عائد کیا کہ برسر اقتدار آنے کے مختصر عرصہ بعد حکمراں جماعت کانگریس نے تلنگانہ کو دہلی کا اے ٹی ایم بنادیا ہے۔

حلقہ لوک سبھا میدک کے بی جے پی امیدوار رگھونندن راؤ کی حمایت میں سدی پیٹ میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقتدار پر آنے کے بعد قلیل عرصہ میں کانگریس نے ریاست کو دہلی کے اے ٹی ایم میں تبدیل کردیا ہے۔

 انہوں نے مزید کہاکہ کانگریس حکومت، پیشرو بی آر ایس حکومت کے کرپشن کی تحقیقات نہیں کررہی ہے۔ چاہے وہ کالیشورم پروجیکٹ ہو یا لینڈ اسکام ہو، کانگریس حکومت، بی آر ایس کی بدعنوانیوں کی تحقیقات نہیں کرارہی ہے۔ شاہ نے دعویٰ کیا کہ اس بار تلنگانہ عوام مودی کے ساتھ ہیں۔

ریاست کے عوام نے اب یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ تلنگانہ کے ہر حلقہ سے بی جے پی کوکامیاب بنائیں گے۔ مرکز میں بی جے پی کے برسر اقتدار آنے پر ہی تلنگانہ کی جامع و پائیدار ترقی ممکن ہے۔

 مرکزی وزیر داخلہ نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اور بی آر ایس دونوں ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے حق میں نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے اندرون 5سال اس مسئلہ پر عدالتی مقدمہ میں کامیابی حاصل کی اور مندر کے تعمیری کاموں کی بھومی پوجا بھی رکھا اور آخر کار ایودھیا میں عالیشان رام مندر تعمیر کردی گئی۔

 انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی نے ملک کو طویل عرصہ سے درپیش مسائل حل کئے۔ آر ٹیکل370 کو برخاست کرتے ہوئے جموں وکشمیر کو ہندوستان کا اٹوٹ حصہ بنا دیا۔ امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی نے مسلم تحفظات کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان تحفظات کو سابق میں کانگریس اور بی آر ایس نے فراہم کئے۔

ایس سی اور ایس ٹی کا کوٹہ کم کرتے ہوئے مسلمانوں کو تحفظات فراہم کئے گئے ہیں۔ شاہ نے کہا کہ یہاں کے مجموعہ کو دیکھنے سے ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی، ریاست کے 12 پارلیمانی حلقوں سے کامیابی حاصل کرے گی۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *