[]
ماہ شوال حج کی تیاری کا پہلا مہینہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: حج کے مہینے طے شدہ اور معلوم ہیں۔ علماء کا اس پر اجماع ہے کہ ’اشہرِ حج‘ تین ہیں، جن میں سے پہلا شوال اور دوسرا ذیقعدہ اور تیسرا ذی الحجہ کے دس دن ہیں۔ حضرت عمرؓ، حضرت عبد اللہؓ بن عمر، حضرت علیؓ، حضرت ابن مسعودؓ، حضرت عبداللہ ابن عباسؓ اور حضرت عبداللہ ابن زبیرؓ وغیرہ سے یہی روایت کیا گیا ہے اور یہی اکثر تابعینؒ کا قول ہے۔ یہ بات ماہ شوال کی عظمت و فضیلت کو اور بڑھا دینے والی ہے کہ یہ حج کا ابتدائی مہینہ ہے۔
شوال کے چھ روزے رکھنے کی شرعی حیثیت
عید الفطر کے بعد دوسری اہم چیز جس کا تعلق شوال کے مہینہ سے ہے وہ شوال کے چھ روزے ہیں۔ رمضان المبارک کے روزوں کے بعد شوال کے چھ روزے رکھنا واجب نہیں بلکہ مستحب ہیں اور مسلمان کے لیے مشروع ہے کہ وہ شوال کے چھ روزے رکھے جس میں فضل عظیم اور بہت بڑا اجر و ثواب ہے ، کیونکہ جو شخص بھی رمضان المبارک کے روزے رکھنے کے بعد شوال میں چھ روزے بھی رکھے تو اس کے لیے پورے سال کے روزوں کا اجر و ثواب لکھا جاتا ہے۔