[]
چھترپتی سنبھاجی نگر: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے ووٹروں سے ایم پی امتیاز جلیل کو آنے والے لوک سبھا انتخابات میں غریبوں کی آواز کے طورپردوبارہ منتخب کرکے پارلیمنٹ بھیجنے کی جذباتی اپیل کی ہے۔
اویسی پارٹی امیدوار جلیل کی حمایت میں پیر کی رات ضلع کے ویج پور اور کناڑ قصبوں میں ریلیوں سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جلیل پچھلے پانچ سالوں سے پارلیمنٹ میں غریبوں اور کسانوں کی آواز اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف ریاست میں کسان خودکشی کر رہے ہیں تو دوسری طرف حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)، کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) اور شیو سینا انتخابی بانڈز کی شکل میں ہزاروں کروڑوں روپے حاصل کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا، “اے آئی ایم آئی ایم واحد پارٹی ہے جس سے ایک بھی کمپنی نے بانڈ خریدنے کی ہمت نہیں کی۔ انہوں نے مودی حکومت پر تنقید کی کہ وہ مہنگائی اور بے روزگاری جیسے سلگتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھا رہی ہے۔ اس الیکشن میں بی جے پی، کانگریس، شیوسینا اور این سی پی کے امیدواروں نے مسٹر جلیل کے خلاف پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔