ایک بھی فساد ہوا تو نرواچن سدن کے سامنے بھوک ہڑتال کردوں گی: ممتا بنرجی

[]

کوچ بہار/ علی پور دوار: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن پر تنقید کی کہ وہ ان کے بقول بی جے پی پر مہربان ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ ریاست میں ایک بھی فساد ہوا تو وہ الیکشن کمیشن (نرواچن سدن) کے سامنے بھوک ہڑتال کردیں گی۔

علی پور دوار میں ریالی سے خطاب میں ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن پر الزام عائد کیا کہ اس نے بی جے پی کی ایماء پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس مرشدآباد کو ہٹادیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف بی جے پی کی ہدایت پر ڈی آئی جی مرشدآباد کو ہٹایا گیا۔

اب اگر مرشدآباد اور مالدہ میں فسادات ہوتے ہیں تو اس کی ذمہ داری الیکشن کمیشن پر عائد ہوگی۔ بی جے پی فسادات اور تشدد برپا کرنے کے لئے پولیس عہدیداروں کو ہٹانا چاہتی ہے۔ ایک بھی فساد ہوا تو الیکشن کمیشن آف انڈیا ذمہ دار ہوگا کیونکہ یہاں نظم وضبط کی نگرانی وہی کررہا ہے۔

ٹی ایم سی سربراہ نے کہا کہ ضرورت پڑے تو وہ الیکشن کمیشن کے سامنے 55 دن کی بھوک ہڑتال کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ میں کسانوں کے لئے 26 دن کی بھوک ہڑتال کرسکتی ہوں تو الیکشن کمیشن کے سامنے 55 دن کی بھوک ہڑتال کرسکتی ہوں۔ وہ سنگور میں حصول ِ اراضی کے خلاف احتجاج کا حوالہ دے رہی تھیں۔

ممتا بنرجی نے بی جے پی پر تنقید کی کہ وہ اپوزیشن کو جیل سے ڈرا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں دیکھوں گی کہ تمہارے پاس کتنی جیلیں‘ کتنے پولیس والے ہیں؟۔ مجھ پر کئی مرتبہ حملہ ہوچکا ہے۔ مجھے معلوم ہے لڑائی کیسے لڑنا ہے۔ میں بزدل نہیں ہوں۔

قبل ازیں انہوں نے کوچ بہار میں ریالی سے خطاب کے دوران انکم ٹیکس عہدیداروں کو للکارا کہ وہ بی جے پی قائدین کے ہیلی کاپٹرس کی جانچ کریں۔ ایک دن قبل ٹی ایم سی کے اس دعویٰ پر تنازعہ پیدا ہوا تھا کہ انکم ٹیکس عہدیداروں نے پارٹی قائد ابھیشیک بنرجی کے زیراستعمال ہیلی کاپٹر پر چھاپہ مارا۔

ممتا بنرجی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی‘ الیکشن سے قبل ٹی ایم سی کے خلاف مرکزی ایجنسیوں کا بے جا استعمال کررہی ہے۔ انکم ٹیکس عہدیداروں نے ٹرائل رن سے قبل ابھیشیک بنرجی کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی لی اور انہیں کچھ بھی نہیں ملا۔

ٹی ایم سی سربراہ نے اندیشہ ظاہر کیا کہ بی جے پی لوک سبھا الیکشن مرحلہ اول سے قبل اس کے قائدین کو گرفتار کرنے این آئی اے کا استعمال کرسکتی ہے تاکہ اسے میدان صاف ملے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *