دستور پر بری نظر ڈالنے والوں کی آنکھیں نکال لی جائیں گی : لالو پرساد یادو

[]

پٹنہ: آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو نے پیر کے دن وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کی کہ وہ لوک سبھا میں دو تہائی اکثریت ملنے پر ”نیا دستور“ لانے کی بات کرنے والے بی جے پی قائدین کو لگام دینے میں ناکام رہے۔

سخت بیان میں 70 سالہ علیل قائد نے کہا کہ غریبوں اور دبے کچلے طبقات کو دستور عزیز ہے جسے دلت رہنما ڈاکٹر امبیڈکر نے وجود میں لایا تھا۔ اس پر بری نظر ڈالنے والوں کی آنکھیں نکال لی جائیں گی۔ سابق چیف منسٹر بہار نے کہاکہ اصل میں وزیراعظم گھبرائے ہوئے ہیں۔

انہیں شکست کا اندیشہ ہے کیونکہ وہ ملک کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں۔ اپنے خوف پر پردہ ڈالنے وہ بی جے پی کو 370سے زائد نشستیں ملنے کا دعویٰ کررہے ہیں۔

کئی مرتبہ رکن پارلیمنٹ اور منموہن سنگھ کی مرکزی کابینہ میں وزیر رہے لالو پرساد یادو نے تشویش ظاہر کی کہ بی جے پی کے کئی قائدین دستور بدلنے کی باتیں کررہے ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہورہی ہے بلکہ ان میں بعض کو پارٹی نے ٹکٹ دے کر میدان میں اتاردیا۔

لالو پرساد یادو کی یہ برہمی ایودھیا کے رکن ِ پارلیمنٹ للو سنگھ کے ریمارک کے پس منظر میں سامنے آئی۔ للو سنگھ بعدازاں لغزشِ زبان کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے بیان سے مکرگئے تھے۔

راجستھان کے بی جے پی امیدوار اور کرناٹک کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ اننت ہیگڈے نے بھی دستور بدلنے کی بات کہی تھی۔ لالو پرساد یادو نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کا دستور غریبوں کا دستور ہے۔ اس سے چھیڑچھاڑ کی کوئی بھی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔

دستور پر بری نظر ڈالنے والے کی ”جنتا آنکھ نکال لے گی“۔ آر جے ڈی سربراہ نے اپنے حریف چیف منسٹر بہار و صدر جنتادل یو نتیش کمار پر طنز کیا اور کہا کہ نتیش کمار نے کہا ہے کہ این ڈی اے کو 4ہزار ووٹ ملیں گے۔ چند دن بعد انہوں نے یہ غلطی پھر دُہرائی اور بعدازاں غلطی کے لئے معافی مانگی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *