[]
حیدرآباد: آندھراپردیش کے ضلع کڑپہ کے ایڈوپُلاپایہ ٹریپل آئی ٹی میں انجینئرنگ کی ایک طالبہ نے ہاسٹل کی عمارت سے چھلانگ لگا کرخودکشی کرلی۔
اس طالبہ کی شناخت ریکھا کے طورپر کی گئی ہے جس نے کل شب یہ انتہائی اقدام کیا۔
پرکاشم ضلع کے جُنگلاگٹہ گاؤں سے تعلق رکھنے والی ریکھا، میکانیکل انجینئرنگ کے سال آخر کی تعلیم حاصل کررہی تھی۔
اس نے اتوار کی رات تقریباً 7.30 بجے ہاسٹل کی عمارت سے چھلانگ لگا دی۔
اس واقعہ میں وہ شدید زخمی ہوگئی، اسے ساتھی طلباء اور عملے کے ارکان ابتدائی علاج کے لئے ٹریپل آئی ٹی کے اسپتال لے گئے جہاں اس کی حالت نازک ہونے پر بہتر علاج کے لئے اسے کڑپہ کے اسپتال منتقل کیا گیا۔
علاج کے دوران رات10.30 بجے کے قریب اس کی موت ہوگئی۔ ریکھا کو انجینئرنگ کا کورس مکمل ہونے کے بعد 10 دن کے اندر اپنے گھر جانا تھا۔
اسی دوران ٹرپل آئی ٹی ڈائریکٹر کمارسوامی گپتا اور ہاسٹل ویلفیئر آفیسر عمران شریف نے ریکھا کی لاش کا معائنہ کیا اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔
پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ بعد ازاں متوفی ریکھا کا موبائل فون برآمد کرلیا گیا۔ مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں ۔ خودکشی کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔