خالصتان زندہ باد فورس کا آپریٹر دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار

[]

ملزم پربھ پریت 2017 اور 2020 میں ایک جائز ویزا پر پولینڈ گیا تھا اور پھربذریعہ سڑک جرمنی گیا ۔ جرمنی میں مستقل رہائش حاصل کرنے کے لیے اس نے سیاسی پناہ کی درخواست دی۔

<div class="paragraphs"><p>فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس

user

پنجاب پولیس کے اسٹیٹ اسپیشل آپریشن سیل ( ایس ایس او سی ) نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے جرمنی میں مقیم خالصتان زندہ باد فورس ( کے زیڈ ایف ) آپریٹر پربھ پریت سنگھ جرمنی کو دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کرکے دہشت گردوں کی بھرتی، فنڈنگ ​​اور سپورٹ ماڈیول کا پردہ فاش کیا ہے۔

پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) نے جمعہ کو کہا کہ سال 2020 میں ایس ایس او سی امرتسر میں انٹیلی جنس ان پٹ موصول ہوا تھا کہ کے زیڈ ایف کا دہشت گرد جگدیش سنگھ بھورا پنجاب میں کچھ ہائی پروفائل اہداف کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور اس کام کو انجام دے رہا ہے ۔ اس کو پورا کرنے کے لیے اس نے اپنے ہندوستانی معاونوں کو اسلحہ اور مالی مدد فراہم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس تنظیم کے چار کارندوں کو گرفتار کیا، ماڈیول کا پردہ فاش کیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔ اس سلسلے میں پولیس نے ا سٹیٹ اسپیشل آپریشن سیل، امرتسر میں غیر قانونی سرگرمیوں ( کی روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کی دفعہ 13، 17، 18، 18-بی اور 20 اور آرمس ایکٹ کی دفعہ 25 کے تحت 19 دسمبر 2020 مقدمہ درج کیا ۔ تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ مطلوب دہشت گرد جگدیش سنگھ بھورا اور اس کے قریبی ساتھی پربھ پریت سنگھ کی ہدایات پر کام کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار افراد نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ ہائی پروفائل اہداف کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ پربھ پریت سنگھ جرمنی میں مقیم تھا ، اس لیے پنجاب پولیس نے اس کیس میں اسے نامزد کرنے کے بعد بیورو آف امیگریشن، نئی دہلی کے ذریعے اس کے خلاف ایک لک آؤٹ سرکلر ( ایل او سی ) جاری کیا تاکہ اس کی گرفتاری کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بدھ کو دہلی کے آئی جی آئی ہوائی اڈے پر امیگریشن حکام نے ہمیں پربھ پریت سنگھ کی تحویل کے بارے میں مطلع کیا۔ اس کے بعد ایس ایس او سی امرتسر کی ایک ٹیم دہلی پہنچی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ایس ایس او سی، امرتسر سکھمندر سنگھ مان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ملزم پربھ پریت 2017 اور 2020 میں ایک جائز ویزا پر پولینڈ گیا تھا اور پھربذریعہ سڑک جرمنی گیا ۔ جرمنی میں مستقل رہائش حاصل کرنے کے لیے اس نے سیاسی پناہ کی درخواست دی۔

مان نے کہا کہ جرمنی میں قیام کے دوران ملزم بیلجیم میں قائم کے زیڈ ایف کے ساتھ کام کرتا رہا ہے۔ وہ انتہاپسند جگدیش سنگھ بھورا کے رابطے میں آیا اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہوگیا ۔جبکہ ملزم نے اپنے ہندوستانی ساتھی کو ٹارگٹ کلنگ کرنے کا ہدف دیا اور اس کے لیے رقم اور اسلحہ کا بندوبست کیا۔ انہوں نے کہا کہ پربھ پریت سنگھ کے پورے نیٹ ورک اور جس ماڈیول کے لیے وہ کام کر رہا ہے اس کا پتہ لگانے کے لیے چھان بین کی جا رہی ہے۔ دریں اثنا، پربھ پریت سنگھ کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد پولیس کی ٹیموں نے اسے 15 اپریل 2024 تک ریمانڈ پر لے لیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *