کسان ایم ایس پی قانون، نوجوان روزگار، خواتین مہنگائی سے راحت کا مطالبہ کر رہی ہیں لیکن کوئی نہیں سن رہا: راہل گاندھی

[]

راہل گاندھی نے کہا کہ کسان اپنی فصلوں کے لیے کم از کم امدادی قیمت کا مطالبہ کر رہے ہیں، نوجوان روزگار کا مطالبہ کر رہے ہیں، خواتین مہنگائی سے راحت کا مطالبہ کر رہی ہیں لیکن کوئی نہیں سن رہا

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / آئی اے این ایس</p></div>

راہل گاندھی / آئی اے این ایس

user

جے پور: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے آج (11 اپریل) کو راجستھان کے بیکانیر میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پر حملہ بولا۔ راہل گاندھی نے بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ کسان اپنی فصلوں کے لیے کم از کم امدادی قیمت کا مطالبہ کر رہے ہیں، نوجوان روزگار کا مطالبہ کر رہے ہیں، خواتین مہنگائی سے راحت کا مطالبہ کر رہی ہیں لیکن کوئی نہیں سن رہا۔

کانگریس کے سابق سربراہ نے کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات ملک کے آئین اور جمہوریت کی حفاظت کے بارے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پسماندگان، دلتوں، آدیواسیوں اور جنرل کیٹیگری کے غریب لوگوں کا الیکشن ہے۔ خیال رہے کہ آج راہل گاندھی نے بیکانیر کے علاوہ انوپ گڑھ میں بھی جلسہ وام سے خطاب کیا۔

انوپ گڑھ کے جلسہ عام سے راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس ملک کے ہر غریب خاندان کی ایک خاتون کے بین کھاتے میں ایک لاکھ روپے سالانہ منتقل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ خط افلاس سے نیچے ہیں، پھر ہر سال ایک لاکھ روپے (8500 روپے مہینہ) مسلسل طور پر آتا رہے گا اور ہم ایک جھٹکے میں ہندوستان سے غریبی کو مٹا دیں گے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس کے بینک کھاتے منجمد کر دئے گئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے الیکٹورل بانڈ کے ذریعے بڑے صنعت کاروں سے پیسہ لیا ہے، انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات ملک کے غریب لوگوں اور 22-25 ارب پتیوں کے درمیان کی لڑائی ہے۔

راہل گاندھی نے لوک سبھا انتخابات میں بیکانیر سے کانگریس کے امیدوار گووند رام میگھوال اور گنگا نگر سے کلدیپ اندورا کے حق میں منعقدہ جلسہ سے کہا، ’’کسان کہہ رہے ہیں ہمیں ایم ایس پی دو، نوجوان کہہ رہے ہیں ہمیں روزگار دو، خواتین کہہ رہی ہیں ہمیں مہنگائی سے بچاؤ لیکن کوئی نہیں سن رہا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت دو سب سے بڑے مسائل بے روزگاری اور مہنگائی ہیں لیکن میڈیا میں اس پر کوئی بات نہیں ہو رہی۔

راہل گاندھی نے کانگریس کے انتخابی منشور پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے اقتدار میں آنے کے ساتھ ہی تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 15-20 صنعت کاروں کا قرض معاف کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پیسے کا استعمال 24 سال تک منریگا مزدوری کی ادائیگی کے لیے کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسان ہندوستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *