[]
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ایک پیغام میں ایرانی قوم کی یوم القدس کے اجتماعات اور دمشق واقعے کے شہداء کی تشییع جنازہ میں شاندار اور دشمن شکن شرکت کو سراہتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ خدا کے فضل سے صہیونی دشمن کو عبرتناک سزا دینے کا قومی مطالبہ پورا ہو جائے گا۔”
اس پیغام کا متن درج ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
ہم عاجزی کے ساتھ خدائے بزرگ و برتر کا شکر ادا کرتے ہیں کہ جس نے ایران کی عظیم قوم کو ایک اور امتحان میں سرخرو ہونے کی توفیق عطا کی اور اپنے فضل و کرم سے اس قابل بنایا کہ آج میدان جنگ میں اپنی شاندار موجودگی کے ذریعے مظلوموں کی امید کا سرچشمہ بن سکے اور غزہ کے مظلوم عوام پر جاری صہیونی دشمن کے وحشیانہ جرائم، نسل کشی اور غیر انسانی محاصرے کا مقابلہ کرتے ہوئے غاصب دشمن کے ناپاک منصوبوں کو خاک میں ملانے کے لیے مزاحمت کا مقدس پرچم تھام سکے۔
بلاشبہ عالمی یوم القدس کے ملک گیر مارچ میں رہبر انقلاب اسلامی حضرت امام خامنہ ای کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے لاکھوں ایرانیوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر اور راہِ قدس کے شہداء کی تشییع جنازہ پر شاندار اور پرشکوہ اجتماع طوفان الاحرار کا بھرپور اور تاریخی اظہار تھا۔
ہم ایران کی بہادر اور انقلابی قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی میں آپ کے غیرت مند بیٹے، خدا کے فضل سے صیہونی دشمن اور اس کے حامیوں کو حالیہ بزدلانہ دہشت گردی کے ارتکاب پر عبرت ناک سزا دینے کے قومی مطالبے کو پورا کریں گے اور دشمن کو رسواکن انجام سے دوچار کر دیں گے۔
ہم انقلاب اسلامی کے عظیم معمار اور عالمی یوم القدس کے بانی حضرت امام خمینی (رہ) کو یاد کرتے ہوئے ملک بھر میں قدس کے پرشکوہ اجتماعات کرنے پر ملت کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور خدا کی بارگاہ میں اسلامی مزاحمت کے تاریخ ساز شہداء، شہید سلیمانی اور شہید زاہدی کے درجات کی بلندی، امام امت کی توفیقات میں اضافے، فلسطین اور اہل غزہ کی فتح، بیت المقدس کی آزادی اور سب سے بڑھ کر جعلی اور غاصب صیہونی رجیم کی نابودی کے لئے دعاگو ہیں۔