[]
مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے عالمی یوم القدس اور جمعۃ الوداع کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم آج یوم القدس کے موقع پر صہیونی جارہیت اور ظلم و جبر کی مذمت کرتی ہے اور اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے اسرائیل فلسطین اور بیت المقدس پر ناجائز اور غیر قانونی طور پر قابض ہے اور اپنے اس غاصبے کو قائم رکھنے کیلئے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کرتا آرہا ہے جس پر عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے.
وزیراعطم نے کہا کہ یہ حقیقت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ اسرائیلی غاصبہ اور اسکو قائم کرنے کیلئے فلسطینیوں پر صہیونی مظالم کی داستان اکتوبر 2023 سے شروع نہیں ہوئی بلکہ گزشتہ سات دہائیوں پر مبنی ہے. مگر گزشتہ برس اکتوبر سے اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم و جبر کے مزید پہاڑ توڑ رہا ہے، غزہ میں اب تک 32 بزار فلسطینی بشمول 17 ہزار بچے شہید اور 70 ہزار لوگ زخمی ہوئے، اسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں اور بچوں کے اسکولوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا، ان تک امدادی اشیاء کی رسائی کو روکا گیا اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی جنگ بندی کی قرارداد کے باوجود آج بھی غزہ میں معصوم شہریوں پر اسرائیل کی جانب سے بلا اشتعال بمباری جاری ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیل پر فلسطینیوں کے خلاف ظلم و جبر روکنے کیلئے دباؤ ڈالنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ پاکستان فلسطینیوں کی صہیونی غاصبے سے نجات اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق ایک ازاد فلسطینی ریاست کے قیام تک اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ میری پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں سے جمعتہ الوداع کے موقع پر گزارش ہے کہ وہ رمضان کی برکتیں سمیٹتے وقت اپنے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کو دعاؤں میں یاد رکھیں اور رب کے حضور ان کی مشکلات کی آسانی کی دعا کریں۔
وزیراعظم نے قوم سے یہ بھی اپیل ہے کہ وہ جمعتہ الوداع کے بابرکت دن کے وسیلے سے اپنی عبادات اور دعاؤں میں پاکستان کی امن و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کریں۔ اللہ رب العزت نے 27 رمضان المبارک کو ہمیں یہ علیحدہ وطن بڑی قربانیوں کے بعد تحفے میں عطا کیا تھا، میری اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ اس جمعتہ المبارک کے طفیل پاکستان کی معاشی مشکلات کا خاتمہ کرے اور ہمیں اس کی تعمیر و ترقی کیلئے دن رات محنت کرنے کو عزم، حوصلہ اور ہمت عطاء کرے. آمین