[]
مہر خبررساں ایجنسی نے المسیرہ ٹی وی چینل کے حوالے سے خبر دی ہے کہ یمن کے وزیر ٹرانسپورٹ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ غاصب اسرائیل سے تعلق رکھنے والے جہازوں کے سوا بحیرہ احمر کے راستے دنیا کی کسی بھی بندرگاہ کو جانے والے تمام جہاز محفوظ ہیں۔
عبدالوہاب الدرہ نے صنعا میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 2024 کی پہلی سہ ماہی میں 5,530 سے زائد بحری جہاز بحیرہ احمر اور باب المندب سے گزر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی فریق نے بین الاقوامی میری ٹائم سکیورٹی کو یرغمال بنا رکھا ہے اور وہ غزہ کی ناکہ بندی اور صیہونی جارحیت کو روکے بغیر اسرائیلی جہازوں کے گزرنے پر اصرار کرتا ہے۔
یمن کے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ امریکہ نے غاصب اسرائیل کے بحری جہازوں کو بچانے کے لئے جھوٹے پروپیگنڈے اور دھونس دھمکی کا حربہ ناکام ہونے پر بحیرہ احمر میں عسکریت پسندی کی پالیسی اپنائی ہے۔
واضح رہے کہ انصار اللہ کے سربراہ نے اپنی حالیہ تقریر میں کہا تھا کہ یمنی فورسز نے صیہونی رجیم سے تعلق رکھنے والے چھیاسی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے جو کہ ایک اہم اور بڑی تعداد ہے۔