[]
رام لیلا میدان میں منعقدہ انڈیا اتحاد کی ریلی کے دوران شرکاء نے کیجریوال اور سورین کی فوری رہائی کے ساتھ انتخابات میں یکساں مواقع کی فراہمی کا مطالبہ کیا
نئی دہلی: راجدھانی دہلی کے رام لیلا میدان میں اتوار کو منعقدہ انڈیا الائنس کی میگا ریلی میں اپوزیشن جماعتوں کے تمام سینئر لیڈروں نے متفقہ طور پر 5 نکاتی مطالبات پیش کیے جن میں اروند کیجریوال اور ہیمنت سورین کی فوری رہائی اور انتخابات میں تمام پارٹیوں کے لیے یکساں مواقع کی فراہمی کو کو یقینی بنانا شامل ہے۔ مرکزی ایجنسی ای ڈی نے زمین گھوٹالے میں ہیمنت سورین اور شراب گھوٹالہ میں اروند کیجریوال کو گرفتار کیا ہے۔
انڈیا الائنس کے مطالبے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن انتخابات میں دھاندلی کے مقصد سے اپوزیشن جماعتوں کے خلاف تحقیقاتی ایجنسیوں کی کارروائی کو روکے۔ مطالبہ کیا گیا کہ انتخابات کے دوران اپوزیشن سیاسی جماعتوں کا مالی طور پر گلا گھونٹنے کی زبردستی کارروائی کو بھی فوری طور پر بند کیا جائے۔ نیز، انتخابی عطیات کا استعمال کرتے ہوئے بی جے پی کی طرف سے انتقامی کارروائیوں، بھتہ خوری اور منی لانڈرنگ کے الزامات کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کی نگرانی میں ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی جانی چاہیے۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ریلی میں اپوزیشن اتحاد کی جانب سے 5 نکاتی مطالبات پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا الائنس کے پانچ مطالبات ہیں: پہلا – الیکشن کمیشن آف انڈیا کو لوک سبھا کے انتخابات میں برابری کے مواقع کو یقینی بنائے۔ دوسرا- الیکشن کمیشن انتخابات میں ہیرا پھیری کی نیت سے اپوزیشن کے خلاف انکم ٹیکس، سی بی آئی اور ای ڈی کی زبردستی کارروائی کو روکے۔ تیسرا- ہیمنت سورین اور اروند کیجریوال کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ چوتھا: اپوزیشن جماعتوں کا مالی طور پر گلا گھونٹنے کی کوششیں بند کی جائیں۔ اور پانچواں- الیکٹورل بانڈ کے ذریعے بی جے پی کی جانب سے زبردستی رقم کی وصولی کے الزامات کے لئے سپریم کورٹ کی نگرانی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جانی چاہیے۔
خیال رہے کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری کے بعد یکجہتی کے اظہار کے لیے اتوار کو دہلی کے رام لیلا میدان میں انڈیا الائنس کی ایک میگا ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریلی میں جمہوریت اور آئین کو بچانے کا عہد کیا گیا۔ اس میگا ریلی میں کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے، سابق صدور سونیا گاندھی اور راہل گاندھی، این سی پی (شرت چندر پوار) کے سربراہ شرد پوار، نیشنل کانفرنس کے رہنما فاروق عبداللہ، پی ڈی پی کی لیڈر محبوبہ مفتی، شیو سینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے، بائیں بازو کے لیڈر سیتارام یچوری، ڈی راجہ، دیپانکر بھٹاچاریہ، سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، آر جے ڈی کے تیجسوی یادو اور ٹی ایم سی کے ڈیرک اوبرائن، اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال، پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان، جے ایم ایم لیڈر ہیمنت سورین کی اہلیہ کلپنا سورین سمیت کئی سینئر لیڈروں نے شرکت کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔