پجاری نے پوجا کے دوران اپنی خواہش کا اظہار کیا تو اس میں غلط کیا ہے: شیوکمار

[]

گوکرنا: کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ مستقبل میں مجھے چیف منسٹر بنانے کے تعلق سے کانگریس فیصلہ کرے گی۔

ان کے بیان سے ریاست میں قیادت کی تبدیلی کا مسئلہ ایک بار پھر زیربحث آگیا۔ گزشتہ سال مئی میں اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد سدارامیا اور شیوکمار کے درمیان چیف منسٹر کے عہدہ کے لیے سخت مسابقت تھی اور کانگریس شیوکمار کو منانے میں کامیاب رہی اور انہیں ڈپٹی چیف منسٹر بنادیا۔

اس وقت کچھ اطلاعات تھیں کہ ”بار ی باری سے چیف منسٹر بننے کے فارمولہ پر سمجھوتہ ہوا ہے جس کے تحت شیوکمار ڈھائی سال بعد چیف منسٹر بنیں گے مگر پارٹی کی جانب سے باضابطہ اس کی توثیق نہیں ہوئی۔ یہاں مندر کے دورے کے دوران ایک پجاری نے دعا کی کہ شیوکمار پر بھگوان کا آشیرواد ہو اور وہ چیف منسٹر بنیں۔

اترکنڑضلع میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شیوکمار جنہو ں نے ماضی میں بھی چیف منسٹر بننے کی اپنی خواہش کو کبھی نہیں چھپایا، نے سوال کیا کہ اگر پجاری نے پوجا کے دوران اپنی خواہش کا اظہار کیا تو اس میں غلط کیا ہے؟ پجاری نے اپنی خواہش ظاہر کی۔ اب سدارامیا چیف منسٹر ہیں۔

میں ان کے تحت ڈپٹی چیف منسٹر اور پارٹی صدر بھی ہوں۔ لوگوں کا اس بارے میں بات کرنا اور اس کی خواہش کرنا (شیوکمار کو چیف منسٹر بننا چاہیے) الگ معاملہ ہے۔ اس کا فیصلہ ہماری پارٹی کرے گی۔ اب ہم سب سدارامیا کی قیادت میں کام کررہے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ ریاست ان کی قیادت میں مزید ترقی کرے۔

لوگ، حامی اور پجاری ہمارے لیے دعا کرتے ہیں، وہ اپنی رائے ظاہر کرتے ہیں۔ کیا ہم انہیں ایسا کرنے سے روک سکتے ہیں؟ مندر میں بھگوان اور اس کے بھکت کا معاملہ ہوتا ہے۔ انہوں نے بھگوان سے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔“



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *