[]
سیول (جنوبی کوریا): شمالی کوریا کے قائد کم جونگ اُن نے دبابوں کی ایک مشق کی نگرانی کی اور اپنی بکتربند فورسس کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ جنگ کی تیاریاں تیز کردیں۔
انہوں نے جنوبی کوریا کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے مدنظر یہ بات کہی۔ شمالی کوریا کے میڈیا نے پیر کے دن یہ اطلاع دی۔ کم جونگ اُن اتوار کے دن اپنے سرکردہ ٹینک گروپ کا مشاہدہ کرنے گئے تھے۔ گزشتہ چند ماہ میں شمالی کوریا نے اپنی فوجی طاقت کا مظاہرہ کیا۔
اس نے جنوبی کوریا‘ امریکہ اور جاپان کو نشانہ بنانے کے لئے بنے نیوکلیر صلاحیت والے مزائلوں کا تجربہ کیا۔ انہوں نے اپنے حریف ممالک کو نیوکلیر جنگ کی دھمکیاں بھی دیں۔
واشنگٹن‘ سیول اور ٹوکیو نے اپنی مشترکہ فوجی مشقوں کو مستحکم کرتے ہوئے اس کا جواب دیا۔ شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کی شائع کردہ تصاویر میں کم جونگ اُن کو ایک آبزرویشن پوسٹ پر فوجی عہدیداروں سے بات چیت کرتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ شمالی کوریا کے پرچم بردار دبابے گردوغبار اُڑاتے جارہے ہیں۔
ایک گاڑی پر لکھا تھا امریکی حملہ آوروں کو ہلاک کردو جو کوریائی عوام کے کٹر دشمن ہیں۔ تشویش پائی جاتی ہے کہ شمالی کوریا ایسے سال دباؤ اور بڑھادے گا جبکہ امریکہ اور جنوبی کوریا دونوں ممالک میں الیکشن ہونے والا ہے۔
بیشتر تجزیہ نگاروں کو شبہ ہے کہ کم جونگ اُن واقعی جنگ کی تیاری کررہے ہیں۔ جنوبی کوریا کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں میں معمولی ٹکراؤ ہوسکتا ہے۔