تلنگانہ بی جے پی کے صدارتی عہدہ سے معزول کرنے پر بنڈی سنجے مایوس، ایک حامی کا اقدام خودکشی

[]

حیدرآباد: بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے کمار اس بات پر شدید برہم وناراض ہیں کہ تلنگانہ میں اسمبلی الیکشن سے چند ماہ قبل انہیں پارٹی کے صدارتی عہدہ سے معزول کردیا گیا۔

پارٹی کے ریاستی صدر کے عہدہ سے ہٹائے جانے پر انہیں شدید صدمہ پہنچا چونکہ بی جے پی کے تنظیمی امور کے انچارج ترون چگھ نے چند دن قبل ریاست میں لیڈر شپ کی تبدیلی کے امکان کو مسترکردیا تھا۔

بنڈی سنجے کو فوری اثر کے ساتھ منگل کے روز دہلی طلب کیا گیا جہاں صدر بی جے پی جے پی نڈا نے بنڈی سنجے کو پارٹی کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ پارٹی کا یہ فیصلہ سننے کے بعد بنڈی سنجے شدید مایوس ہوگئے جبکہ وہ پر اعتماد تھے کہ ان کی قیادت میں پارٹی، اسمبلی الیکشن لڑے گی۔

یہ فیصلہ سننے کے بعد کریم نگر کے ایم پی کو گہرا صدمہ لگا۔ پارٹی کے اعلیٰ قائدین جن میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ بھی شامل ہیں، نے،تلنگانہ میں پارٹی کو آگے لیجانے پر بنڈی سنجے کی تعریف کی تھی۔نڈا نے بنڈی سنجے کو بتایا کہ پارٹی نے ضرورت کے مطابق آپ کو صدارتی عہدہ سے معزول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دہلی میں پارٹی کے دفتر میں نڈا اور بنڈی سنجے کے درمیان تقریباً2 گھنٹوں تک بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر پارٹی کے جنرل سکریٹریز ترون چگھ اور سنیل بنسل بھی موجود تھے۔ پارٹی کا یہ فیصلہ سننے کے بعد رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے کمار، شدید مایوس ہوگئے اور وہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے بغیر پارٹی دفتر کے دوسرے دروازہ سے چلے گئے۔

چند منٹ قبل پارٹی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی کو تلنگانہ بی جے پی کا نیا صدر بنایا گیا ہے جبکہ ایٹالہ راجندر کو جو ریاستی صدر کے عہدہ سے بنڈی سنجے کوہٹانے کا مطالبہ کررہے تھے، پارٹی کی انتخابی مینجمنٹ کمیٹی کا صدر مقرر کیا گیا۔ بعدازاں ٹوئٹر پر بنڈی سنجے کمار نے تحریر کرتے ہوئے کہا کہ وہ صدر بی جے پی تلنگانہ کے عہدہ سے رسمی طور پر ہٹ گئے ہیں۔

انہوں نے وزیر اعظم، امیت شاہ، جے پی نڈا سے اظہار تشکر کیا کہ انہیں (ایک عام کارکن) بی جے پی کے صدر کے طور پر کام کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ مجھے قوی امید ہے کہ وہ، ان کے توقعات پر پورا اترے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ عوام کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے پرجا سنگرم یاترا کے دوران ان کا پر خلوص خیرمقدم کیا۔ انہوں نے مزید تحریر کیا کہ ہماری زندگی کے چند ابواب کو بندش کے بغیر بند کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹر پر مزید تحریر کیا کہ وہ کشن ریڈی کی قیادت میں پرجوش طریقہ سے کام کرنے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹر پر کشن ریڈی اور ایٹالہ راجندر کو مبارکباد دی اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ آپ کے تجربہ اور قابل قیادت میں ریاست میں بی جے پی کو استحکام ملے گا اور تلنگانہ میں پارٹی کو اقتدار پر لانے کیلئے آپ سخت محنت کریں گے۔ ریاستی بی جے پی صدر کے طور پر بنڈی سنجے کی میعاد مارچ میں ختم ہوگئی تھی، مرکزی قیادت کے آشیرواد سے وہ بطور صدر کام کررہے تھے۔

بنڈی سنجے کو صدارتی عہدہ سے ہٹائے جانے کے فیصلہ سے پارٹی قائدین اور ورکرس بھی شدید مایوس ہوئے ہیں۔ فلمی اداکارہ و بی جے پی قائد وجئے شانتی نے بنڈی سنجے کو صدر کے عہدہ سے ہٹانے کے فیصلہ کو دردناک، صدمہ انگیز قرار دیا۔ پارٹی کی مرکزی قیادت کے اس فیصلہ کے خلاف کھمم میں بنڈی سنجے کے ایک حامی نے خودکشی کی کوشش کی جبکہ بی جے پی نلگنڈہ ٹاؤن کے صدر ایم ناگیشور راؤ نے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *