[]
حیدرآباد: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ہفتہ کے روز لوک سبھا انتخابات 2024 کے ساتھ آندھرا پردیش، اروناچل پردیش، سکم اور اڈیشہ میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے لئے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔
دہلی کے وگیان بھون میں پریس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے اعلان کیا کہ لوک سبھا کے 543 حلقوں کے لئے عام انتخابات 7 مرحلوں میں ہوں گے۔
پہلے مرحلے کے انتخابات 19 اپریل کو ہوں گے۔ اس مرحلہ کے انتخابات میں مقابلہ کے خواہشمند امیدواروں کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 27 مارچ ہے۔ پہلے مرحلہ میں 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پولنگ ہوگی۔
دوسرے مرحلے کے انتخابات 26 اپریل کو ہوں گے۔ امیدواروں کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 4 اپریل ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کا احاطہ کیا جائے گا۔
تیسرے مرحلے کے انتخابات 7 مئی کو ہوں گے۔ امیدواروں کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 20 اپریل ہوگی۔ تیسرے مرحلے میں 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کا احاطہ کیا جائے گا۔
چوتھے مرحلے کے انتخابات 13 مئی کو ہوں گے۔ امیدواروں کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 25 اپریل ہوگی۔ چوتھے مرحلہ میں 10 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں ووٹ ڈالے جائیں گے۔
پانچویں مرحلے کے انتخابات 20 مئی کو ہوں گے۔ امیدواروں کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 3 مئی ہوگی۔ پانچویں مرحلے میں 8 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں پولنگ ہوگی۔
چھٹے مرحلے کے انتخابات 25 مئی کو ہوں گے۔ امیدواروں کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 6 مئی ہوگی۔ چھٹے مرحلے میں 7 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کا احاطہ کیا جائے گا۔
ساتویں اور آخری مرحلے کے انتخابات یکم جون کو ہوں گے۔ امیدواروں کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 14 مئی ہوگی۔ ساتویں مرحلے میں 8 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کا احاطہ کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں لوک سبھا کے 102 حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں 89 حلقوں میں پولنگ ہوگی۔
تیسرے مرحلے میں 94 حلقوں میں پولنگ ہوگی جبکہ چوتھے مرحلہ میں 96 حلقوں میں پولنگ ہوگی۔ پانچویں مرحلہ میں 49 لوک سبھا حلقوں میں پولنگ ہوگی۔
اسی طرح چھٹے مرحلہ میں 57 حلقوں میں پولنگ ہوگی جبکہ ساتویں مرحلہ میں بھی 57 حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔
آندھراپردیش اور اڈیشہ میں 13 مئی کو ایک ہی مرحلہ میں اسمبلی انتخابات ہوں گے جب کہ اروناچل پردیش اور سکم میں اسمبلی انتخابات 19 اپریل کو ہوں گے۔
4 جون کو تمام انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور اسی دن صبح گیارہ بجے سے نتائج آنے شروع ہوجائیں گے۔
انتخابی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی ملک بھر میں ضابطہ اخلاق فوراً نافذ ہوگیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس اور ایس پیز کو سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ لیول پلئینگ فیلڈ کو یقینی بنائیں۔
سی ای سی راجیو کمار نے مزید بتایا کہ ملک میں 96.8 کروڑ اہل ووٹر ہیں جن میں 49.7 کروڑ مرد، 47.1 کروڑ خواتین اور 48000 تیسری صنف کے لوگ ہیں۔