[]
حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے صدر ورکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹراسدالدین اویسی کی پارٹی لوک سبھا انتخابات میں بہار کے 40 پارلیمانی حلقوں میں سے 11 نشستوں پر الیکشن لڑے گی۔ بہار کے پارٹی صدر اخترالایمان نے یہ بات کہی۔ اُنہوں نے کہاکہ جن نشستوں پر مجلس مقابلہ کرے گی وہاں مسلمانوں کی کثیر آبادی ہے۔
اخترالایمان نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہماری پارٹی دربھنگہ، بھاگلپور،کراکت، بکسر، گیا، مظفر پور، اجیارپور کے علاوہ سیمانچل کی 4 نشستوں پورنیہ، کٹہیار، ارریہ اور کشن گنج سے بھی اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔
واضح رہے کہ ایم آئی ایم نے پہلی ہی اختر الایمان کو کشن گنج سے اپنا امیدوار قراردے چکی ہے۔ اخترالایمان نے کہاکہ ایم آئی ایم بہت جلد دیگر نشستوں کیلئے اپنے امیدواروں کا اعلان کرے گی۔
اخترالایمان نے ان خبروں کی بھی تردید کی کہ اُن کی پارٹی مجلس صرف مسلمانوں کی نمائندگی کرتی ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ ہماری انتخابی سیاست صرف مسلمانوں تک محدود نہیں ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ ہماری جماعت پسماندگی، غربت، ناخواندگی جیسے بنیادی مسائل کو اُٹھاتی رہی ہے اور ہم اُس وقت تک ان مسائل کو اُٹھاتے رہیں گے جب تک کہ اُن کا خاتمہ نہ ہوجائے۔