[]
چینائی: تامل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے منگل کو مرکز کے ذریعہ سرکاری گزٹ میں نوٹیفکیشن شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کی اپنی سخت مخالفت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اسے ریاست میں لاگو کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مسٹر اسٹالن نے وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام لگایا کہ وہ سی اے اے کو نوٹیفائڈ کرکے اپنے ڈوبتے ہوئے جہاز کو بچا رہے ہیں اور سیاسی فائدے کے لیے مذہبی جذبات کا استحصال کرتے ہوئے شہریت ترمیمی قانون کو مذموم طریقے سے بحال کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت نے مسلمانوں اور سری لنکا کے تملوں کو دھوکہ دیا اور تقسیم کے بیج بوئے۔
انہوں نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ ڈی ایم کے نے پارلیمنٹ میں بل کے خلاف ووٹ دیا، ریاستی اسمبلی میں ایک قرارداد بھی منظور کی، دستخطی مہم، ریلیاں اور ایجی ٹیشن چلائیں۔
انہوں نے کہا کہ جب مرکزی وزیر نے نفاذ کے بارے میں بات کی تو میں نے اعلان کیا کہ ہم تمل ناڈو میں سی اے اے کو لاگو نہیں ہونے دیں گے۔
مسٹر اسٹالن نے اے آئی اے ڈی ایم کے پر پارلیمنٹ میں ‘بے شرمی سے’ بل کی حمایت کرنے کا بھی الزام لگایا اور کہا کہ لوگ آنے والے انتخابات میں بی جے پی اور اے آئی اے ڈی ایم کے دونوں کو ایک مناسب سبق سکھائیں گے۔