[]
حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج انکشاف کیا کہ شہر میں بعض ایسے قائدین بھی ہیں جو شہر کو ترقی کرتا دیکھنا نہیں چاہتے۔ حکومت نئے پرانے شہر کی ترقی کی خواہاں ہے لیکن بعض قائدین ترقیاتی کاموں میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں ترقیاتی سرگرمیوں کو رکوانے کے لئے دہلی سے ربط کیا جارہا ہے اور دہلی سے یہ دباؤ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ میٹرو ریل کے ترقیاتی کاموں کو روک دیا جائے تاہم تلنگانہ کی کانگریس حکومت کسی دباؤ کے آگے جھکنے والی نہیں ہے۔
ایم جی بی ایس تا فلک نما میٹرو لائن کے تعمیری کاموں کا صدر مجلس اسد الدین اویسی کے ہمراہ سنگ بنیاد رکھنے کے ایک دن بعد چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج ہفتہ کے روز کہا کہ بعض مفاد پرست قائدین کی جانب سے حیدرآباد میٹرو میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ایسے قائدین اپنی حرکتوں سے باز نہیں آتے ہیں تو نہ صرف انہیں شہر بدر کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں گے بلکہ انہیں دوبارہ شہر میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک قائد نے نئی دہلی سے ربط کرکے حیدرآباد میٹرو کے نئے تعمیری کاموں کو رکوانے کی خواہش کی ہے اور اب مرکزی حکومت نے ہم سے کہا ہے کہ وہ کام روک دیں۔
چیف منسٹر نے کہا کہ اگر آپ حیدرآباد کو ترقی نہیں دے سکتے تو کم از کم رکاوٹیں بھی پیدا نہ کریں۔ ریونت ریڈی نے ہفتہ کو بیرامل گوڑا میں دوسرے فلائی اوور کا افتتاح انجام دینے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ایک سرکاری پروگرام ہے اور وہ ایسے لوگوں کے تعلق سے مزید تفصیلات کا انکشاف نہیں کر سکے جو شہر کی ترقی کے دشمن ہیں۔
ریونت ریڈی نے میٹرو کے توسیعی کاموں اور حیدرآباد کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کرنے والوں کو متنبہ کیا اور مرکز پر واضح کیا کہ یہ اچھی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کو شہر بدر کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے انہیں سزا دی جائے گی۔
انہوں نے ایسے افراد کو اپنا رویہ بدل لینے اور حیدرآباد کی ترقی کے لئے تعاون کرنے کی اپیل کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی حکومت حیدرآباد کی ہمہ گیر ترقی کو یقینی بنانے کے لئے جامع منصوبے تیار کررہی ہے۔ ان اقدامات کے ایک حصے کے طور پر وائبرنٹ تلنگانہ ماسٹر پلان 2050 تیار کیا جا رہا ہے۔
ٹینڈرز پہلے ہی طلب کئے جا چکے ہیں اور ماسٹر پلان کی تیاری کے لئے بین الاقوامی کنسلٹنٹس کی مدد لی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار کنسلٹنٹس کی طرف سے منصوبہ پیش کر دیا جائے گا تو اسے پبلک ڈومین میں رکھا جائے گا اور تمام طبقات سے رائے لی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہر کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ریاستی حکومت 40 ہزار کروڑ تا 50 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ شروع کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسیٰ ندی سے نلگنڈہ میں تقریباً 50 ہزار ایکڑ زرعی کھیتوں کو آلودہ پانی مل رہا ہے۔