پرانے شہر میں میٹرو لائن کا ریونت ریڈی نے رکھا سنگ بنیاد

[]

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹراے ریونت ریڈی نے جمعہ کے روز کہاکہ ان کی حکومت‘ کل ہند مجلس اتحادالمسلمین (ایم آئی ایم) کے تعاون سے شہر حیدرآباد کی جامع ترقی کیلئے کام کرے گی۔

پرانے شہر کواصل حیدرآبادقرار دیتے ہوئے انہوں نے مختلف انفراسڑکچر پروجیکٹس کے لئے درکار فنڈس فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔یہ کہتے ہوئے کہ سیاست اور ترقی دو مختلف ہیں‘ چیف منسٹر نے ایم آئی ایم کے صدروحیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کے ساتھ فلک نما کے قریب فاروق نگر میں اولڈسٹی میٹرو ریل پروجیکٹ کا سنگ بنیادرکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجلس کے تعاون سے شہر کی مجموعی ترقی کو یقینی بنائیں گے۔

5.5 کیلومیٹرطویل لائن مہاتماگاندھی بس اسٹیشن (ایم جی بی ایس املی بن) سے فلک نماتک رہے گی۔اردو میں تقریرکرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہاکہ ریاستی حکومت‘ شہر اور ریاست کی جامع ترقی کے لئے”ماسٹر پلان وبئرنیٹ تلنگانہ 2050“ تیار کررہی ہے۔

ریونت ریڈی نے ایک بارپھر کہاکہ سیاست‘ انتخابات تک محدود رہنا چاہئے‘الیکشن کے بعد صرف ترقی پر توجہ مرکوز رہناچاہئے۔ اسد الدین اویسی اور اکبر الدین اویسی بار بار منتخب ہوتے آرہے ہیں۔ میں نے بھی ان دونوں بھائیوں کوشکست دینے کی کوشش کی مگر میں اپنی کوشش میں ناکام رہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مجلس اور اس کے منتخب عوامی نمائندوں کے تعاون سے حیدرآباد کی ترقی کیلئے کام کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ عوام کی ترقی اور خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔

چیف منسٹر نے کہا قطب شاہی سلاطین سے آصف جاہی نوابوں نے شہر کی ترقی کیلئے جو کام کیا، ہم شہر حیدرآباد کے وقار کو برقرار رکھنے کیلئے مزید ترقیاتی پروگراموں کیساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا ہماری توجہ ترقی پر ہے۔ یہ پرانا شہر نہیں ہے بلکہ یہ اصل حیدرآباد شہر ہے۔ ہم اصل شہر کی مکمل ترقی کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں۔ ہم موسیٰ ریور فرنٹ کو ترقی دینے کیلئے ایک ماسٹر پلان تیار کر رہے ہیں۔

اس کیلئے ہم پہلے ہی اکبر الدین اویسی کیساتھ لندن شہر کادورہ کرچکے ہیں جہاں ہم دونوں نے دریا ٹیمس کے دونوں جانب دی گئی ترقی کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا ہم غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کیلئے میٹرو مرحلہ دوم لا رہے ہیں۔ ہم میٹرو ریل پروجیکٹ کو اویسی ہاسپٹل، چندرائن گٹہ، میلار دیو پلی سے ہوائی اڈے تک توسیع دیں گے۔ انہوں نے کہا چندرائن گٹہ میں میٹرو جنکشن قائم کرنے جا رہے ہیں۔

ہم چنچل گوڑا جیل کو منتقل کریں گے اوراس کی اراضی پر طلباء کیلئے اسکول اور کالجس بنائیں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا حیدرآباد شہر کی ہر گلی کو ترقی دینے کیلئے ہم ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا اقلیتوں کیلئے چار فیصد تحفظات کی فرہمی کا سہرا کانگریس کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا گزشتہ تیس سالوں کے دوران تلگودیشم پارٹی کانگریس اور بی آر یس نے دس دس سال تک حکومت کی اور میرا مکمل یقین ہے کہ کانگریس ریاست میں دس سال تک برسر اقتداررہے گی۔ہم حیدرآباد شہر اور ریاست کو وعدے کے مطابق ترقی دیں گے۔ ہم گنڈی پیٹ سے شہرمیں 55 کلومیٹر تک دریا موسیٰ کے دونوں جانب ترقی دیں گے اور اسے خوبصورت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا پرانے شہر میں سڑکوں کی توسیع کیلئے ضروری اقدامات کے جاینگے۔

انہوں نے کہا وہ شہر کی ہر گلی کوچہ سے واقف ہیں اور عوام کی ضروریات کی تکمیل انکی اولین ترجیح ہوگی۔ اسدالدین اویسی نے کہاکہ ان کی پارٹی تلنگانہ عوام کی جانب سے کانگریس کو دیئے گئے اعتمادکوقبول کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کوترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ان کی پارٹی مجلس‘ حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ حیدرآباد اور تلنگانہ نے ترقی کی بلندیوں کواس لئے چھولیاتھا کیونکہ شہراور ریاست میں امن اور قومی یکجہتی برقرارتھی۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مساعی سے فاشٹ طاقتوں کوشکست دینے کی ضرورت ہے۔

قبل ازیں چیف منسٹر نے حلقہ اسمبلی کاروان میں 200 کروڑ روپے سے تعمیر کردہ ٹمریز انسٹی ٹیوٹ کی نئی عمارت کا افتتاح انجام دیا۔اس موقع پر رکن راجیا سبھا انیل کمار یادو،حکومت کے مشیر براے اقلیتی امور محمد علی شبیر اراکین اسمبلی،کونسل کے علاوہ مختلف محکموں کے ا علی عہدیدار موجود تھے۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *