[]
مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے بتایا ہے کہ خطے میں امریکی دہشت گرد افواج کی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن نے خلیج عدن میں سوئس کمپنی “MSC” کے “Sky 2” نامی کارگو جہاز پر دو بیلسٹک میزائل داغے جس سے جہاز کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سینٹ کام کے مطابق، ابتدائی اطلاعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور خلیج عدن میں لائبیریا کے جھنڈے والا جہاز مدد کی درخواست کیے بغیر اپنے راستے پر محو سفر رہا۔
ادھر یمن کی مسلح افواج نے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور غزہ کی پٹی میں صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے جنگ کے خاتمے اور اس پٹی سے ناکہ بندی ہٹانے تک بحیرہ احمر سے گزرنے والے اسرائیلی اور امریکی اتحاد کے بحری جہازوں پر حملے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ اور برطانیہ نے اس اہم گزرگاہ پر اپنے تسلط پسندانہ مفادات اور غاصب اسرائیلی رجیم کے معاشی تحفظ کے لئے یمن کی کاروائیوں کے جواب میں صنعا پر جارحانہ حملے کیے ہیں۔
یمن کے اسرائیلی جہازوں پر حملوں نے عالمی جہاز رانی کو بری طرح متاثر کیا ہے اور بڑی شپنگ کمپنیوں کو راستے تبدیل کرنے اور مہنگے اور طویل روٹ پر سفر کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔