[]
حیدرآباد: مادنا پیٹ پولیس نے تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے اغواء کے چند گھنٹوں کے اندر مغویہ کمسن لڑکی کو باز یاب کرلیا۔ مادنا پیٹ پولیس نے ظہیر آباد پولیس کی مدد سے 9 ماہ کی بچی کا اغواء کرنے والی خاندان کو گرفتار کرلیا۔
اس خاتون کے قبضہ سے مغویہ بچی کو برآمد کرلیا۔ پولیس ذرائع کے بموجب چنچل گوڑہ کے ایک خانگی نرسنگ ہوم سے 9 ماہ کی بچی کا گھر کی ملازمہ شہناز خان نے اغواء کرلیا تھا۔
شہناز خان چھتیس گڑھ کی متوطن بتائی جاتی ہے۔ اغواء کے ساتھ ہی مغویہ کے والدین نے مادنا پیٹ پولیس میں شکایت کروائی تھی۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے پتہ لگالیا۔ خاتون املی بن بس اسٹیشن سے ظہیر آباد کی بس میں سوار ہوئی ہے۔ پولیس نے ظہیر آباد کی پولیس کوچوکس کردیا۔
خاتون کے بس سے اُترنے سے پہلے پولیس بس اسٹانڈ پہنچ گئی اور شہناز خان کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے شہناز خان اور مغویہ لڑکی کو حیدرآباد منتقل کرتے ہوئے 9 ماہ کی بچی کو اس کے والدین کے حوالے کردیا اور شہناز خان کو جیل بھیج دیا گیا۔ اس کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج کرلیا۔ یہ کاروائی چند گھنٹوں میں ہی عمل میں لائی گئی۔