پاکستان :الیکشن کمیشن کا صدارتی الیکشن 9 مارچ کو کرانے کا فیصلہ

[]

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ملک کے نئے صدر کے انتخاب کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 9 مارچ کو طلب کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق اسپیکر کی جانب سے طلب کردہ دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس 9 مارچ کی صبح 10 بجے منعقد ہوگا، اجلاس نئے صدر مملکت کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کے حوالے سے طلب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر کے انتخاب کے لیے پیپلزپارٹی کی جانب سے امیدوار آصف علی زرداری اور سنی اتحاد کونسل کی جانب سے امیدوار محمود خان اچکزئی کے کاغذات جمع کرادیے گئے تھے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صدارتی انتخاب کے لیے آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرائے تھے، آصف زرداری کے تجویز کنندہ مراد علی شاہ جب کہ ناصر حسین شاہ تائید کنندہ تھے۔

دوسری جانب سنی اتحاد کونسل نے صدارتی انتخاب کے لیے محمود خان اچکزئی کے کاغذات اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائے، ان کے کاغذاتِ نامزدگی رہنما تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لطیف کھوسہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائے۔

ان کے علاوہ عبدالقدوس اعوان نے بھی آزاد حیثیت سے صدارتی امیدوار کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔

قبل ازیں صدارتی الیکشن کے لیے آصف زرداری کے کاغذات اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی جمع کروادیے گئے تھے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *