[]
تھانے: امبرناتھ میں 48 سالہ شخص کے قتل کے الزام میں اس کی بیوی، اس کے آشنا اور سپاری قاتل کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ایک لڑکے کو بھی حراست میں لیا گیا جو سپاری قاتل کا شراکت دار تھا۔
قتل کی یہ واردات 25/ فروری کو پیش آئی۔ امبرناتھ پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر جگناتھ کالسکر کے مطابق مقتول رمیش جھا اتوار کو رات 9:30 بجے اپنے کام کے مقام پر جارہا تھا کہ امبرناتھ بدلہ پور روڈ پر ہوٹل کے قریب ملزمین نے اس کا راستہ روک لیا اور اس پر چاقو سے متعدد وار کیے جس سے اس کی برسرموقع موت ہوگئی۔
خفیہ سراغوں کی بنیاد پر پولیس نے آخر کار ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا مقتول کی بیوی 10سال دہلی میں مقیم رہی جہاں ملزم سے اس کے تعلقات قائم ہوگئے۔
شادی کے بعد امبرناتھ آنے کے بعد بھی اس نے ملزم کے ساتھ تعلقات ختم نہیں کیے۔ جب اس کے شوہر کو ان کے تعلقات کا علم ہوا تو اس نے اس پر اعتراض کیا۔ جس پر خاتون نے اسے ختم کرنے کی سازش رچی اور کرایہ کے قاتلوں کو اس کام پر لگایا۔
جرم کے ارتکاب کے بعد دونوں کرایہ کے قاتل دہلی فرار ہوگئے۔ خبر ملنے پر امبرناتھ پولیس قومی دارالحکومت پہنچی جہاں سے دونوں کو گرفتار کرلیا جبکہ خاتون اور اس لڑکے کو امبرناتھ سے گرفتار کیا گیا۔
تینوں گرفتار ملزمین کو مقامی عدالت میں پیش کیا جس نے انہیں 5/ مارچ تک پولیس تحویل میں بھیج دیا۔