[]
لاہور: قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا ہے کہ میرا کم بیک کہاں سے آگیا، میں ریٹائر اور بوڑھا ہوچکا ہوں اب نوجوانوں کو موقع ملنا چاہیے۔
مقامی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں ریٹائرمنٹ کی تصدیق کرتے ہوئے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا کہ میں اب ریٹائر ہوچکا ہوں اور واپسی کیلئے کیسے پر امید ہوں؟ اگر انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہا ہوتا تو واپسی کے امکانات تھے۔
انہوں نے کہا کہ اب نوجوان کرکٹرز کیلئے کھیل میں مواقع سے فائدہ اٹھانے کا وقت آگیا ہے، میں اب بوڑھا ہوگیا ہوں جبکہ ٹیم میں نوجوان کھلاڑی موجود ہیں۔
ورلڈ کپ سے متعلق محمد عامر نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لیے ہندوستان ، پاکستان، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ ٹاپ فور کے لیے فیورٹ ٹیمیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں اگر بولرز دباؤ میں نہیں آئے تو پاکستان کے جیتنے کے بہت اچھے چانسز ہوں گے۔
فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا تھا کہ ڈربن قلندرز کیلئے اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا۔ واضح رہے کہ رواں ماہ زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں ہونے والے زیم ایفرو ٹی 10 کے پہلے ایڈیشن کیلئے ہونے والے پلیئرز ڈرافٹ میں محمد عامر ڈربن قلندرز کا حصہ بن چکے ہیں۔
پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کو اے کیٹیگری کے راؤنڈ میں کیا گیا، ایونٹ کے 75 غیر ملکی کرکٹرز میں محمد حفیظ، اوئن مورگن اور یوسف پٹھان بھی شامل ہیں۔ لیگ میں 8 پاکستان کھلاڑی ایکشن میں نظرآئیں گے۔ آصف علی، محمد عامر، مرزا طاہر بیگ اور طیب علی ڈربن قلندرز کا حصہ ہیں۔
محمد عرفان کیپ ٹاؤن اسمپ، شاہنواز ڈاہانی ہرارے ہریکنز، عثمان شنواری اور محمد حفیظ جوہانسبرگ بفیلو کی جانب سے کھیلیں گے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 20 جولائی سے ہوگا ۔ فائنل 29 جولائی کو کھیلا جائے گا۔