پارلیمنٹ میں مسلم مسائل پر آواز اُٹھانے والے شفیق الرحمن برق کا انتقال

[]

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور سنبھل کے ایم پی شفیق الرحمن برق کا منگل کو انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 94 برس تھی۔ شفیق الرحمن برق طویل عرصہ سے علیل تھے اور انہیں مراد آباد کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ حال ہی میں ایس پی سربراہ اکھلیش یادو بھی ان سے ملنے اسپتال گئے تھے۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں سماج وادی پارٹی نے انہیں سنبھل سے اپنا امیدوار بنایا تھا۔

شفیق الرحمن لوک سبھا کے سب سے سینئر رکن پارلیمنٹ تھے۔ شفیق الرحمن برق 4 بار ایم ایل اے اور 5 بار ایم پی رہ چکے ہیں۔ وہ 1996 میں سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر لوک سبھا الیکشن جیت کر پہلی بار پارلیمنٹ پہنچے تھے۔ اس کے ساتھ ہی 2014 کی مودی لہر میں انہوں نے بی ایس پی کے ٹکٹ پر لوک سبھا الیکشن بھی لڑے اور جیت گئے۔

اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہنے والے شفیق الرحمن برق ہمیشہ مسلمانوں کے مفادات کے لیے آواز اٹھاتے تھے۔ شفیق الرحمن کے بیٹے بھی سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر ایم ایل اے ہیں۔ ایس پی ایم پی شفیق الرحمن برق کے انتقال پر مرادآباد کے ایم پی ڈاکٹر ایس ٹی حسن نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے۔

اُنہوں نے کہاکہ شفیق الرحمن برق صاحب اب ہم میں نہیں رہے۔ ان کی وفات ہم سب اور ہماری جماعت کیلئے ایک بڑا نقصان ہے۔ ملک کے عظیم رہنما اس جہان فانی سے کوچ کر گئے۔ جس نے کبھی کسی سے ڈر کر کام نہیں کیا۔ شاید ایسے بہادر اور ایماندار لیڈر پورے ملک میں بہت کم رہ گئے ہیں۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *