تلگو طالبہ جہانوی کے افراد خاندان کو انصاف دلانے امریکی حکومت سے کے ٹی آر کا مطالبہ

[]

حیدرآباد: بی آر ایس کے کارگذار صدر کے تارک راما راو نے جمعرات کے روز ایک امریکن پولیس عہدیدار کی رہائی پر شدید برہمی کااظہار کیا۔ امریکہ میں اس پولیس عہدیدار کی گاڑی کی ٹکر سے تلگو طالبہ جہانوی کنڈولہ ہلاک ہوگئی تھیں۔

امریکی عدالت نے ثبوت کے فقدان کے بنا پر پولیس عہدیدار کو رہا کردیا۔ کے ٹی آر نے ہندوستانی ایمبسی سے اپیل کی کہ وہ اس معاملہ میں فوری مداخلت کریں اور امریکہ کی حکومت سے اس معاملہ پر بات کریں اور جہانوی کے افراد خاندان کو انصاف دلایں۔

ہندوستان کے وزیر خارجہ جئے شنکر کو اس معاملہ میں فوری طور پر مداخلت کرنا چاہئے اور انہیں امریکی حکومت سے مشاورت کرتے ہوئے اس معاملہ کی بغیر کسی امتیاز کے آزادانہ تحقیقات کیلئے دباؤ ڈالنا چاہئے۔

یہ انتہائی افسوسناک امر یہ ہے کہ بلند عزائم اور کچھ کرنے کی چاہت لے کر امریکہ کا رخت سفر باندھنے والی تلگو طالبہ حادثہ میں ہلاک ہوگئی مگر تکلیف دہ بات یہ ہے کہ اس معاملہ میں مہلوک طالبہ کے ورثا کو انصاف بھی نہیں مل رہا ہے۔ کے ٹی آر نے ایکس پر تحریر کرتے ہوئے یہ بات کہی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ جنوری میں امریکی شہر سیٹل میں پولیس عہدیدار کیون ڈیو نے اپنی گاڑی سے جہانوی کو ٹکردے دی جس کے سبب وہ برسر موقع ہلاک ہوگئی۔

بتایا جاتا ہے کہ پولیس عہدیدار، 115 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔ اس واقعہ کے بعد ایک ویڈیو منظر عام پر آیا جس میں اس پولیس عہدیدار کو نسلی امتیاز پرمبنی فقرے کستے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس پولیس عہدیدار کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کیا گیا۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *