انڈیا بلاک میں شمولیت کیلئے بات چیت جاری: کمل ہاسن

[]

چینائی: اداکار سے سیاستداں بنے کمل ہاسن نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ ان کی پارٹی ایم این ایم کے سیاسی اتحاد کے لیے بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ پارٹی ایسے کسی بھی بلاک کی تائید کرے گی جو ملک و قوم کے بارے میں بے لوث انداز میں سوچتا ہو، لیکن جاگیر دارانہ سیا ست کا حصہ بننے سے گریز کرتا ہو۔

کمل ہاسن نے اپنی سیاسی جماعت مکل نیدھی میم (ایم این ایم) کے قیام کی ساتویں سالگرہ کے جشن میں حصہ لینے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے سرکردہ ٹامل اداکار وجئے کے حالیہ عرصہ میں سیاست میں داخلہ کا بھی خیرمقدم کیا۔

اس سوال پر کہ آیا ایم این ایم کثیر جماعتی اپوزیشن انڈیا بلاک میں شامل ہوگی، انھوں نے کہا کہ میں یہ بات پہلے ہی بتا چکا ہوں۔ یہ ایک ایسا وقت ہے جب آپ کو پارٹی سیاست کو مدھم کردینا ہوگا اور ملک کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ جو بھی ملک اور قوم کے بارے میں لوث انداز میں سوچتا ہو میری ایم این ایم اس کا حصہ ہوگی۔

اس سوال پر کہ آیا وہ انڈیا گروپ میں شامل ہوچکے ہیں، انھوں نے کہا کہ ابھی نہیں۔ ان کی پارٹی کے امکانی اتحاد کے بارے میں پوچھنے پر انھوں نے کہا کہ بات چیت جاری ہے۔ اس ضمن میں کسی بھی خوشخبری سے میڈیا کو واقف کرایا جائے گا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *