[]
مہر خبررساں ایجنسی نے فرانس 24 کے حوالے سے خبر دی ہے کہ فرانس میں گذشتہ ہفتے پولیس کے ہاتھوں نوجوان کے قتل کے بعد احتجاج اور مظاہروں میں شدت آرہی ہے۔ دارالحکومت پیرس میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں ہورہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پیرس میں وزارت حمل و نقل کی تنصیبات کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق مختلف مقامات پر ہونے والے حملوں میں مجموعی طور پر دو کروڑ یورو کا نقصان ہوا ہے۔
ادارے کے مطابق پیرس میں بسوں کو آگ لگادی گئی ہے جبکہ بجلی کے ذریعے چلنے والی ٹرین کو بھی مکمل طور پر نذرآتش کیا گیا ہے علاوہ ازین دو دیگر ٹرینوں کو جزوی نقصان پہنچنے کے علاوہ شہر کے مختلف حصوں میں سڑکوں اور شاہراہوں پر تزئین و آرائش کی تنصیبات کو تباہ کیا گیا ہے۔
پیرس میں ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے نقصانات کے بارے میں رپورٹ جاری کی ہے کہ احتجاجات کے شروع سے اب تک مجموعی طور پر 39 بسوں کو نذر آتش کردیا گیا ہے جن میں سے ہر ایک کی قیمت 3 لاکھ 50 ہزار یورو ہے۔
کمپنیوں کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ کو رات 9 بجے کے بعد بند کیا جارہا ہے۔ حکومت کی جانب سے نقصانات کو تلافی کرنے کے حوالے سے قانون کو مزید سخت کرنے کے بعد بسوں کا جلانے اور نقصان پہنچانے کے عمل میں کمی آئی ہے۔