نینشل کانفرنس لوک سبھا انتخابات اپنے بل بوتے پر لڑے گی:ڈاکٹر فاروق عبداللہ

[]

سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے واضح کیا ہے کہ ان کی پارٹی لوک سبھا الیکشن آزادانہ طور پر لڑے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی جموں وکشمیر میں اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات اکٹھے منعقد کئے جائیں گے۔

موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا: ‘میں سیٹ شیئرنگ کے بارے میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ نیشنل کانفرنس لوک سبھا الیکشن اپنے بل بوتے پر لڑے گی اور اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے’۔

ان کا کہنا تھا: ‘مجھے لگتا ہے کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات اکٹھے منعقد ہوں گے’۔ پاکستان کے حالیہ انتخابات کے بارے میں پوچھ جانے پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ مستحکم پاکستان ہمارے ملک کے لئے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا: ‘پاکستان میں اگر عدم استحکام ہوگا تو وہ ہمارے ملک کے لئے اچھا نہیں ہے’۔

ای ڈی کی طرف سے جاری سمن کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا: ‘بلاوا آیا ہے میں جائوں گا میں ای ڈی سے نہیں ڈرتا ہوں اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ڈاکٹر فاروق کی گرفتاری سے نیشنل کانفرنس ختم ہوگا ایسا نہیں ہے نیشنل کانفرنس ایک تحریک ہے یہ کسی فاروق عبداللہ کی مہربانی سے نہیں چلتی ہے’۔

کسانوں کے احتجاج کے بارے میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ جتنا جلد ممکن ہوسکے ان کے مسئلے کو حل کرے یہ مسئلہ طول نہیں پکڑنا چاہئے۔

ٹارگیٹ ہلاکتوں کے بارے میں موصوف صدر نے کہا: ‘ٹارگیٹ ہلاکتیں انتہائی افسوس ناک ہیں میں ان کی سخت مذمت کرتا ہوں، کوئی مذہب بے گناہ کو مارنے کی اجازت نہیں دیتا ہے، ریاست میں ایسے کئی واقعات پیش آئے اور میری پارٹی کے بے شمار کارکنوں کو مارا گیا’۔

کچھ لیڈروں کے پارٹی چھوڑنے پر ان کا کہنا تھا: ‘جن کا ایمان کمزور ہے وہ پارٹی چھوڑ کر جا سکتے ہیں ہم ان کو روکنے والے نہیں ہیں’۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *