سب کو ساتھ لے کر چلنے والی حکومتیں ضروری : مودی

[]

دُبئی: وزیراعظم نریندر مودی نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ دنیا کو آج ایسی حکومتوں کی ضرورت ہے جو سبھی کو ساتھ لے کر چلیں اور کرپشن سے پاک ہوں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ کئی سال سے ان کے کام کرنے کا طریقہ ئ کار کم سے کم حکومت اور زیادہ سے زیادہ حکمرانی رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کے اپنے دورہ کے دوسرے دن دُبئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کی زندگیوں میں ممکنہ حد تک کم سے کم مداخلت کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ لوگوں کو نہ تو یہ احساس ہونا چاہئے کہ حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور نہ ہی یہ احساس ہونا چاہئے کہ وہ حکومت کے دباؤ میں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان میں گزشتہ چند سال میں حکومت پر لوگوں کا اعتماد بڑھا ہے۔

لوگوں کو حکومت ِ ہند کی نیت اورپابندِ عہد ہونے پر بھروسہ ہے۔ حالیہ عرصہ میں بھارت میں بڑی تبدیلی آئی ہے چاہے وہ صفائی کی مہم ہو‘ ڈیجیٹل خواندگی مہم ہو یا لڑکیوں کی تعلیم کی مہم۔ ایسے بڑے نشانہ کی تکمیل صرف عوام کی حصہ داری سے ممکن ہوپائی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے ہندوستانی عورتوں کی مالی‘ سماجی اور سیاسی صورتِ حال مستحکم بنائی۔ 50کروڑ افراد کو بینکنگ سسٹم سے جوڑا گیا۔ ملک میں ایسے لوگ تھے جن کا کوئی بینک کھاتہ نہیں تھا۔ دنیا کو آج ایسی حکومتوں کی ضرورت ہے جو سبھی کو ساتھ لے کر چلیں اور کرپشن سے پاک و صاف ہوں۔

ایک طرف دنیا جدیدیت کی طرف ترقی کررہی ہے تو دوسری طرف پچھلی صدیوں کے چیلنجس شدت اختیار کررہے ہیں۔ دہشت گردی مختلف اشکال میں روزانہ انسانیت کے سامنے چیلنجس کھڑے کررہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج عوام کو ایسی حکومتوں کی ضرورت ہے جو زندگیوں کو آسان بنائیں‘ انصاف کو آسان بنائیں‘ نقل و حرکت کو آسان بنائیں‘ اختراع اور کاروبار کرنے میں آسانیاں پیداکریں۔ مودی نے یہ بھی کہا کہ دُبئی عالمی معیشت‘ تجارت و ٹکنالوجی کا مرکز بنتا جارہا ہے۔

ورلڈ گورنمنٹ سمٹ دنیا بھر کے قائدین کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا عظیم ذریعہ بنی ہے۔ دُبئی جس طرح عالمی معیشت‘ تجارت و ٹکنالوجی کا مرکز بنتا جارہا ہے وہ دنیا کے سامنے ایک شاندار مثال ہے۔ انہوں نے صدر متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زیدالنہیان کی ستائش کی اور انہیں ”لیڈر آف دی ویژن“ قراردیا۔ چوٹی کانفرنس میں دنیا بھر کے پرائیوٹ سیکٹر لیڈرس نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر دُبئی کے اپنے ہم منصب شیخ محمد بن راشدالمکتوم سے ملاقات کی جو متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم بھی ہیں۔ دونوں نے باہمی تعاون بشمول تجارت و سرمایہ کاری کے مختلف امور پر تفصیلی بات چیت کی۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *