[]
مہر خبررساں ایجنسی نے جیو نیوز کے حوالے سے نقل کیا یے کہ پاکستان میں عام انتخابات 2024 کے نتائج مکمل ہوچکے ہیں جس کے بعد سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی پارٹی پوزیشن واضح ہوچکی ہے اور اب حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق مرکز میں حکومت بنانے کے لیے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان شراکت اقتدار کا فارمولا تیار کر لیا گیا ہے، دونوں جماعتوں نے دو نکاتی فارمولے پر اتفاق کر لیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پہلے مرحلے میں زیادہ نشستوں والی پارٹی کا وزیراعظم 3 سال رہے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں 2 سال کے لیے دوسری جماعت کا وزیراعظم ہو گا جبکہ پیپلز پارٹی پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے مریم نواز کی حمایت کی یقین دہانی کرائے گی۔
عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ جاری ہے جس میں آزاد امیدواروں کو گیم چینجر کی حیثیت حاصل ہے۔
حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت میں رابطے ہورہے ہیں جب کہ ایم کیو ایم کا وفد بھی (ن) لیگ کے قائدین سے لاہور میں ملاقات کرچکا ہے۔