[]
بھوپال: مدھیہ پردیش کے بھوپال میں ایک 103 سالہ مجاہد آزادی نے 49 سالہ خاتون سے شادی کرکے انٹرنیٹ کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی ہے۔
انگریزوں کے خلاف جدوجہد کرنے والے 103 سالہ مجاہد آزادی حبیب نذر کی شادی 49 سالہ فیروز جہاں سے بھوپال کے اتوارا علاقے میں نکاح کی ایک تقریب میں انجام پائی۔
جناب حبیب نذر کی یہ تیسری شادی ہے۔ ان کی دوسری بیوی کے انتقال کے بعد، وہ تنہا ہوگئے تھے اور اسی لئے انہوں نے فیروز جہاں سے تیسری شادی کی۔
اگرچہ یہ شادی گذشتہ سال ہوئی تھی لیکن اب یہ سرخیوں میں آئی ہے کیونکہ ان کا ایک ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا۔ اس ویڈیو میں جناب حبیب نذر اور ان کی اہلیہ کو نکاح کی تقریب کے بعد ایک آٹو رکشا میں گھر لوٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
کیمرے کے پیچھے موجود شخص جوڑے کو مبارکباد دیتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ کلپ میں حبیب نذر کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ مجھے کسی چیز کی کمی محسوس نہیں ہوتی۔ میں صرف تنہائی محسوس کرتا ہوں۔
جناب حبیب نذر کی پہلی شادی مہاراشٹرا کے ناسک میں ہوئی تھی اور ان کی دوسری شادی اتر پردیش کے لکھنؤ میں ہوئی تھی۔ فیروز جہاں کی یہ دوسری شادی ہے۔ محترمہ فیروز جہاں اپنے شوہر کے انتقال کے بعد تنہا زندگی گزار رہی تھیں۔
انہوں نے اس شادی پر اس لئے رضامندی ظاہر کی کیونکہ 103 سالہ حبیب نذر کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں تھا۔
صحافیوں سے بات چیت میں حبیب نذر نے کہا کہ میری عمر 103 سال ہے اور میری اہلیہ 49 سال کی ہیں۔ میں نے پہلی بار ناسک میں شادی کی تھی۔ پہلی بیوی کے انتقال کے بعد میں دوبارہ شادی کے بندھن میں بندھنے لکھنؤ گیا۔ میری دوسری بیوی بھی اس دنیا کو چھوڑ گئی ہے۔ میں خود کو تنہا محسوس کر رہا تھا تو میں نے دوبارہ شادی کر لی۔
حبیب نذر سے شادی کے فیصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے فیروز جہاں نے واضح کیا کہ یہ ان کا اپنا فیصلہ تھا اور کسی نے بھی انہیں ایسا کرنے پر مجبور نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ میرے شوہر بالکل ٹھیک ہیں اور انہیں کوئی طبی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔