دمشق میں فلسطینی شاخ پر اسرائیلی حملے

[]

عمان: اردن کی سرحد پر اتوار کے روز امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملے میں تین فوجیوں کی ہلاکت کے بعد گذشتہ روز دمشق کے جنوب میں سیدہ زینب کے علاقے میں ایرانی ملیشیا اور ایرانی پاسداران انقلاب کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ سیدہ زینب کے مقام پر موجود ایرانی تنصیبات کو اسرائیلی بمباری کا نشانہ بنایا گیا۔

’العربیہ‘ اور ’الحدث‘ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ دمشق پر اسرائیلی حملے میں ایرانی قدس فورس کی فلسطین شاخ سے تعلق رکھنے والے تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جس کی قیادت سعید یزیدی کر رہے ہیں۔

ذرائع نے مزید کہا کہ جن تنصیبات پر بمباری کی گئی وہ حماس اور اسلامی جہاد کو ہتھیار اور معلومات فراہم کر رہی تھیں۔ذرائع نے اس سے قبل دمشق کے جنوب میں سیدہ زینب کے علاقے میں ایرانی ملیشیا اور ایرانی پاسداران انقلاب کے ہیڈ کوارٹر پر بمباری کی اطلاع دی تھی۔

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے العربیہ/الحدث کو وضاحت کی کہ ایک اسرائیلی حملے نے سیدہ زینب کے علاقے میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے بتایا کہ بمباری تین میزائلوں سے کی گئی جس میں حزب اللہ اور پاسداران انقلاب کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں چھ عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔

دریں اثناء پاسداران انقلاب سے وابستہ ’تسنیم‘ خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری میں ایرانی مشاورتی ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔

دوسری جانب شام میں ایران کے سفیر حسین اکبری نے دمشق کے قریب اپنے ملک کے مشاورتی مرکز پر بمباری کی تردید کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی ایرانی ہلاک نہیں ہوا۔




[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *