[]
پٹنہ: چیف منسٹر بہار نتیش کمار کی جنتادل یو نے جمعہ کے دن زور دے کر کہا کہ پارٹی‘ انڈیا اتحاد کے ساتھ ہے لیکن چاہتی ہے کہ کانگریس‘ اتحاد کے شرکاء اور نشستوں کی تقسیم کے سلسلہ میں ”محاسبہ“ کرے۔
جنتادل یو کے ریاستی صدر اومیش سنگھ کشواہا نے یہ بیان دیا۔ انہوں نے ان افواہوں کو خارج کیا کہ ان کی پارٹی‘ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے میں واپس جانے کی سوچ رہی ہے۔
کشواہا نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ بہار میں برسراقتدار مہاگٹھ بندھن میں سب کچھ ٹھیک ہے اور قیاس آرائیاں کسی ایجنڈہ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے چیف منسٹر سے کل اور آج بھی ملاقات کی۔ قیاس آرائیوں میں کوئی سچائی نہیں ہے۔
ہم اس افواہ کو بھی مسترد کرتے ہیں کہ پارٹی ارکان ِ اسمبلی کو فوری پٹنہ آنے کو کہا گیا ہے۔ انہوں نے یوم ِ جمہوریہ پریڈ میں نتیش کماراور ان کے نائب تیجسوی یادو کے دور دور بیٹھنے کو بھی اہمیت نہ دی اور کہا کہ انڈیا بلاک میں ہم متحد ہیں۔ کشواہا نے تاہم کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کانگریس دیگر شرکاء اور نشستوں کی تقسیم کے تعلق سے اپنے موقف کا کچھ محاسبہ کرے۔
ہمارے قائد نتیش کمار عرصہ سے زور دیتے رہے کہ نشستوں کی تقسیم کی معاملت کو جلد قطعیت دے دی جائے تاکہ ہم لوک سبھا الیکشن پر توجہ مرکوز کرسکیں۔ جنتادل یو قائد کا یہ بیان انڈیا بلاک کی دو جماعتوں ترنمول کانگریس اور عام آدمی پارٹی کی طرف سے مغربی بنگال اور پنجاب میں کانگریس سے اتحاد کو خارج ازامکان قراردینے کے بعد آیا۔
اسی دوران انڈیا بلاک میں نشستوں کی تقسیم میں تاخیر کے بارے میں پوچھنے پر صدر پردیش کانگریس اکھلیش پرساد سنگھ نے اُلٹا سوال کیا کہ یہ سوال بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے سے کیوں نہیں کیا جاتا؟
وہاں بھی تو نشستوں کی تقسیم ابھی تک نہیں ہوئی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نتیش جی بہار میں ہمارے نیتا ہیں۔ مجھے پتہ نہیں این ڈی اے میں ان کی واپسی کی افواہیں کہاں سے پھیلیں۔