[]
ناگاؤں (آسام): کانگریس قائد جئے رام رمیش نے پیر کے دن دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے حکومت ِ آسام پر دباؤ ڈالا کہ راہول گاندھی کو ویشنو سنت سریمنت شنکر دیو کی جنم بھومی کے دورہ سے روکا جائے جہاں وہ ماتھا ٹیکنے والے تھے۔
راہول گاندھی کو آج صبح ہیبر گاؤں میں روک لیا گیا جہاں انہوں نے سینئر قائدین‘ پارٹی ورکرس اور حامیوں کے ساتھ دھرنا دیا۔ شنکر دیو ساترہ کی انتظامی کمیٹی نے اتوار کے دن اعلان کیا تھا کہ وہ کانگریس قائد کو 22 جنوری کی سہ پہر 3 بجے سے قبل آنے کی اجازت نہیں دے گی۔
قبل ازیں چیف منسٹر ہیمنت بشواشرما نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ راہول گاندھی سے گزارش کرچکے ہیں کہ ایودھیا میں رام مندر کا افتتاح ہونے سے قبل شنکردیو ساترہ نہ جائیں۔
جئے رام رمیش نے کہا کہ ہمیں 11 جنوری کو اجازت ملی تھی لیکن اچانک 20جنوری کو ہم سے کہہ دیا گیا کہ راہول گاندھی ایودھیا میں پران پرتشٹھا کے بعد ہی شنکردیو ساترہ جاسکیں گے۔ جئے رام رمیش نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ گھمنڈی طاقتیں چاہتی ہیں کہ کیمرہ کا سارا فوکس ان پر ہی رہے۔
حکومت ِ آسام پر دباؤ ڈالا گیا۔ حکام نے کہا تھا کہ ساترہ کے احاطہ میں کئی رام بھکت موجود ہیں اور نظم وضبط کا مسئلہ پیدا ہوگا لیکن کانگریسیوں نے تیقن دیا تھا کہ صرف راہول جی اندر جائیں گے۔