[]
نئی دہلی: مائنز اینڈ منرلز (ترمیمی اور ریگولیشن) بل 2023، نیشنل نرسنگ اینڈ مڈوائف کمیشن بل، 2023 اور نیشنل ڈینٹل کمیشن بل، 2023 جمعہ کو اپوزیشن کے ہنگامہ کے درمیان لوک سبھا میں صوتی ووٹ سے منظور ہو گئے۔
کوئلہ اور کانوں کے وزیر پرہلاد جوشی نے مائنز اینڈ منرلز (ترمیمی اور ریگلویشن) بل 2023 ایوان میں پیش کیا، جسے منی پور معاملے پر اپوزیشن کے ہنگامہ اور نعرے بازی کے درمیان صوتی ووٹ سے منظور کر لیا گیا۔
اس دوران مسٹر جوشی نے کہا کہ یہ ایک اہم بل ہے اور یہ ’گیم چینجر‘ ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دور میں کوئلے کے شعبے میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے کو خود کفیل بنانا ہے، اس کے لیے بہت سے اہم کام کرنے ہیں۔
مودی حکومت کے دور میں معدنی آمدنی میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔
نیشنل نرسنگ اینڈ مڈوائف کمیشن بل 2023 اور نیشنل ڈینٹل کمیشن بل 2023 ایوان میں پیش کرتے ہوئے مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر منسکھ منڈاویہ نے کہا کہ یہ عام آدمی سے متعلق بہت اہم بل ہیں۔
ان کے منظور ہوجانے سے عوام کو بہت سی سہولیات میسر آئیں گی۔
اپوزیشن ارکان کے ہنگامہ آرائی کے درمیان تینوں بل صوتی ووٹ سے منظور کر لیے گئے۔