[]
ماریشس حکومت نے کل یعنی 12 جنوری کو رام مندر پران پرتشٹھا تقریب کے دن یعنی 22 جنوری کے لئے ایک بڑا اعلان کیا ہے۔
ایودھیا میں رام مندر پران پرتشٹھا کی تقریب کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ دریں اثنا، ہندوستان کے دوست ملک ماریشس نے کل یعنی 12 جنوری کو اعلان کیا کہ 22 جنوری کو پران پرتشٹھا کے لئےدو گھنٹے کا وقفہ ہوگا۔ ماریشس کی حکومت نے اعلان کیا کہ یہ وقفہ ہندو مذہب کے ماننے والے سرکاری ملازمین کو دیا جائے گا۔ ہندو سماجی ثقافتی تنظیموں نے اس کے لیے حکومت سے درخواست کی تھی۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی ‘ پر شائع خبر کے مطابق حال ہی میں ماریشس سناتن دھرم مندروں کی فیڈریشن نے ملک کے وزیر اعظم پروند کمار جگناتھ کو ایک خط لکھا تھا اور فیڈریشن نے خط میں لکھا تھا، ’’رام مندر پران پرتشٹھا کی تقریب کا دن ہندو مذہب کے لیے بہت خاص ہے۔ ایسے میں 22 جنوری کو ہونے والی تقریب کا ٹیلی کاسٹ دیکھنے اور رسومات وغیرہ ادا کرنے کے لیے دو گھنٹے کا وقفہ دیا جائے۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے، “کابینہ نے ہندوستان میں ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح کے موقع پر ہندو افسران کو پیر یعنی 22 جنوری 2024 کو دو بجے سے لے کر دو گھنٹے کی خصوصی چھٹی دینے پر اتفاق کیا ہے۔‘
واضح رہے کہ رام مندر میں رام للا کی مورتی کے تقدس کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی اور اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سمیت ہزاروں لوگ شرکت کریں گے، جس میں بڑی تعداد میں سنتوں اور باباؤں کی شرکت ہوگی۔ہندو مذہب کے سب سے بڑے مانے جانے والے چاروں شنکر آچاریہ اس تقریب میں شرکت نہیں کر رہے ہیں ۔ ادھر ملک کی سب سے بڑی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے بھی اس تقریب میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ حزب اختلاف کی متعدد سیاسی پارٹیوں کا یہ کہنا ہے کہ یہ تقریب مذہبی نہیں بلکہ سیاسی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;