[]
دوحہ: فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ میں اہداف کو حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انٹرنیشنل یونین آف مسلم اسکالرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ طوفان الاقصیٰ آپریشن مسئلہ فلسطین کو پس پشت ڈالنے کی کوشش کے بعد کیا گیا۔
اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ اگر تمام فلسطینیوں کو رہا نہ کیا تو اسرائیل اپنے قیدیوں کو بھی نہیں چھڑا سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ غزہ میں انسانی صورتحال تباہ کن ہے جس کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل اور امریکا پر عائد ہوتی ہے۔ اپنے خطاب میں سربراہ حماس نے اسرائیل کو غزہ میں نہتے فلسطینیوں کے اجتماعی قتل کا ذمہ دار قرار دیا۔
دسمبر 2023 میں اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں ’حرمت اقصیٰ کانفرنس‘ سے ٹیلفونک خطاب کرتے ہوئے اسماعیل ہانیہ نے کہا تھا کہ اگر پاکستان اسرائیل کو دھمکی دے تو غزہ جنگ رک سکتی ہے۔
اسماعیل ہانیہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے اور اگر اسرائیل کو دھمکی دے تو جنگ رک سکتی ہے، پاکستان سے ہمیں بہت سی امیدیں ہیں۔ اپنے خطاب میں حماس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ پر حملہ کر کے اسے ہمیشہ کیلیے ختم کر دینا چاہتا تھا، اسرائیل کے حملے سے قبل اپنے دفاع میں اسرائیل پر حملہ کیا۔