[]
سری نگر: بزرگ سیاستداں مظفر حسین بیگ پارٹی صدر محبوبہ مفتی کی موجودگی میں اتوار کے دن پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی(پی ڈی پی) میں دوبارہ شامل ہوگئے۔
اُنہوں نے پارٹی کے بانی مفتی محمد سعید کی آٹھویں برسی کے موقع پر جموں وکشمیر کے ضلع اننت ناگ میں منعقدہ ایک تقریب میں پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی۔
اُنہوں نے جنوبی کشمیر کے ضلع میں بیج بہارا کے مقام پر مفتی سعید کی قبر پر فاتحہ بھی پڑھی۔ پارٹی ترجمان موہت بھان نے پی ٹی آئی کو بتایاکہ بیگ صاحب پی ڈی پی میں لوٹ آئے ہیں۔
1990 کے دہے میں پی ڈی پی کے شریک بانی مظفر حسین بیگ کو 2016 میں مفتی محمد سعید کے انتقال کے بعدپارٹی کا سرپرست بنایاگیاتھا۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر مظفر حسین بیگ نے سال 2020 میں پارٹی چھوڑدی تھی۔
اُس وقت کہا گیا تھا کہ وہ سجاد لون کی پیپلز کانفرنس میں شامل ہوجائیں گے۔ اُن کی بیگم سفینہ، لون کی پارٹی میں شامل ہوئیں لیکن بارہمولہ کے سابق رکن لوک سبھا نے باقاعدہ اپنے تعلق سے کچھ بھی نہیں بتایا۔
مظفر حسین بیگ کی پی ڈی پی میں واپسی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہ ایسے وقت ہوئی جب لوک سبھا الیکشن کو 4 ماہ سے بھی کم کا وقت رہ گیا ہے۔