سبری مالا کے یاتریوں نے مسجد میں پناہ لی، مسجد کے اندر پوجا کی بھی اجازت

[]

کوڈاگو: شمالی کرناٹک کے چھ ہندو یاتری جو رات میں کیرالا کے سبری مالا مندر پہنچے تھے اور جنہیں جنگلی جانوروں کے حملوں کا خطرہ تھا، کوڈاگو ضلع کی مسجد میں انہیں قیام کرنے کی اجازت دے دی گئی جس سے انہوں نے راحت کی سانس لی۔

اس اقدام کے لیے کوڈاگوضلع کے وراج پیٹ تعلقہ کے ایداتھارا موضع کی لواء الھُدیٰ جمعہ مسجد و مدرسہ کے انتظامیہ و خطیب کی ستائش کی جارہی ہے۔

بیلگاوی ضلع کے گوکک کے قریب موضع سے تعلق رکھنے والے ہندو یاتری موٹرسیکلوں پر سبری مالا کی یاتری کے لیے نکلے۔ گھنے جنگل کے درمیان واقع ایداتھرا موضع پہنچنے پر انہیں جنگلی جانوروں بالخصوص ہاتھیوں کے امکانی خطرہ کا علم ہوا۔

مسجد دیکھ کر انہو ں نے انتظامیہ سے انہیں قیام کی اجازت کی درخواست کی۔ مسجد کے صدر عثمان اور عہدیدار خطیب قمر الدین انوری نے مثبت جواب دیا اور مسجد میں تمام ضروری انتظامات کیے۔

کملیش گوری، بھیم اپا سنادی، شیوانند نویدی، گنگادھر بدیدے اور سداروڈ سنادی نامی یاتریوں کو مسجد کے اندر پوجا کی بھی اجازت دی گئی۔

یاتری‘ صبح کی پوجا کے بعد مسجد انتظامیہ کا شکریہ ادا کرکے سبری مالا کیلئے روانہ ہوگئے۔ عثمان نے کہا کہ ہم ایڈاتھرا میں اپنی مسجد میں بلالحاظ مذہب یاتریو ں کو سہولتیں فراہم کرنے تیار ہیں۔

علاقہ میں رات کے دوران ہاتھیوں کے حملے ہوتے ہیں۔ اس راستے سے گزرنے والا ہر شخص مسجد میں قیام کرسکتا ہے اور ہم تمام سہولتیں فراہم کریں گے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *